دوحہ: قطر میں جاری فیفاورلڈکپ کے فائنل کیلئے ارجنٹینا نے کروشیا کو 3-0 سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ارجنٹینا کی جانب سے الواریز نے 2 اور لائنل میسی نے ایک گول اسکور کیا۔ میچ کے پہلے ہاف میں ارجنٹینا کے کپتان میسی نے 34 ویں منٹ میں پینالٹی پر گول اسکور کرکے ٹیم کو برتری دلائی، اس کے بعد جولین الواریز نے 39 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔
مایہ ناز کھلاڑی لیونل میسی کا یہ ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 11واں گول تھا، وہ اپنے ملک کی جانب سے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔
میچ کے دوسرے ہاف میں بھی لیونل میسی کے شاندار پاس کی بدولت جولین الواریز نے 69 ویں منٹ میں ایک اور گول کرکے ارجنٹینا کی کامیابی کو یقینی بنایا۔
مراکش کے گول کیپر کی دھوم، ورلڈکپ کے دوران ایک گول بھی نہیں کرنے دیا
سیمی فائنل میں کروشیا کی ٹیم اپنی پوری کوشش کے باوجود بھی ایک گول نہ کرسکی اور مقررہ وقت تک اسکور 0-3 رہا، یوں ارجنٹینا کی ٹیم کروشیا کو پہلے سیمی فائنل میں شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی جبکہ شکست کے بعد کروشیا کا ورلڈ کپ میں سفر اختتام پذیر ہوگیا۔
کروشیا کو شکست دینے کے بعد ارجنٹینا کے کھلاڑیوں نے خوب جشن منایا جبکہ شکست پر کروشیاکے کھلاڑی افسردہ دکھائی دیے۔
واضح رہے کہ ارجنٹائن چھٹی بار فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچا ہے، 1978 اور 1986 میں ارجنٹائن ورلڈکپ چیمپئن بنا تھا۔
ارجنٹینا کے ساتھ اتوار کو فائنل کون کھیلے گا اس کا فیصلہ آج ہوگا، دفاعی چیمپئن فرانس اور مراکش کی ٹیمیں دوسرے سیمی فائنل میں آج مدمقابل ہوں گی۔