وینزویلا کے صدر نکولس اسلام قبول کر رہے ہیں؟ نیویارک ٹائمز نے جیل کی تفصیلات بتادی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

وینزویلا کے سابق صدر نکولس مادورو امریکی شہر نیویارک کی بروکلین جیل میں قید کے دوران اپنا وقت مذہبی اور فلسفیانہ کتابوں کے مطالعے میں گزار رہے ہیں جہاں وہ قرآن پاک اور بائبل سمیت مختلف مذہبی متون کا مطالعہ کر رہے ہیں۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مادورو نے جیل میں ایک عیسائی پادری اور یہودی ربی سمیت مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی مذہبی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔ رپورٹ میں جیل کے حالات اور مادورو سے متعلق معلومات رکھنے والے متعدد ذرائع کا حوالہ دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مادورو کی روحانیت اور مذہبی موضوعات میں دلچسپی نئی نہیں، تاہم جیل منتقل ہونے کے بعد ان کا رجحان مزید بڑھ گیا ہے۔ وہ جیل کے عملے اور مذہبی ذمہ داران کے ساتھ بھی مذہبی معاملات پر گفتگو کرتے رہتے ہیں۔

نکولس مادورو ماضی میں اپنے یہودی خاندانی پس منظر کا ذکر بھی کرچکے ہیں۔ ان کا دعویٰ رہا ہے کہ ان کے آباؤ اجداد سیفارڈک یہودی تھے جو ڈچ اینٹیلز سے ہجرت کرکے وینزویلا آئے تھے۔ تاہم ان کے قریبی ساتھیوں کے مطابق گرفتاری سے قبل مادورو نے یہودیت میں کوئی غیر معمولی دلچسپی ظاہر نہیں کی تھی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مادورو اپنے سیاسی دور میں بھی مذہب کو اہمیت دیتے رہے اور وینزویلا کی بڑھتی ہوئی ایونجیلیکل مسیحی آبادی کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ ایک موقع پر ان کے ایک کیتھولک پادری کے ساتھ قریبی تعلقات بھی قائم رہے۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق مادورو ان کی اہلیہ سیلیا فلورس اور ان کی جانشین ڈیلسی روڈریگز، بھارت کے آنجہانی روحانی پیشوا ستیہ سائی بابا کے پیروکار بھی رہے ہیں۔

مادورو اس وقت بروکلین کے میٹروپولیٹن ڈیٹینشن سینٹر میں قید ہیں جہاں تقریباً 1300 قیدی موجود ہیں۔ جیل کے جس حصے میں انہیں رکھا گیا ہے وہاں اس سے قبل معروف شخصیات سیم بینک مین فرائیڈ اور لوئیجی منجیونے بھی قید رہ چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مادورو کو آئندہ سال متعدد الزامات کے تحت امریکی عدالت میں مقدمے کا سامنا کرنا ہے جن میں امریکہ میں ہزاروں ٹن کوکین اسمگل کرنے کی سازش کا الزام بھی شامل ہے۔ ان کی اہلیہ سیلیا فلورس بھی اسی مقدمے میں الزامات کا سامنا کر رہی ہیں۔

Related Posts