ریاض: دنیا کے مختلف ممالک میں اومی کرون کے پھیلاؤ کے سبب پابندیاں عائد کرنے پر غور کیا جارہا ہے، جبکہ اومی کرون کے تیزی سے پھیلاؤ کے سبب حرمین سمیت سعودی عرب میں نئی پابندیوں کے نفاذ کا اعلان کردیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرسکے کیسوں میں اضافے کے پیش نظر جمعرات سے مملکت میں بیرونی تقریبات سمیت عوامی مقامات پرلازمی ماسک پہننے کی پابندی دوبارہ نافذ کی جارہی ہے۔
ان پابندیوں کا اطلاق مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ پر ہو گا اور نمازیوں کو نماز کے ساتھ ساتھ طواف میں بھی سماجی فاصلہ اختیار کرنا ہو گا۔
سعودی پریس ایجنسی کا کہنا ہے کہ 30 دسمبر 2021 کو صبح 7:00بجے سے ماسک پہننے کی پابندی کا حکم نافذالعمل کردیا جائے گا۔
مطاف میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کیلئے پہلے کی طرح ٹریک بنائے جا رہے ہیں اور زمین پر نشانات کے سٹیکرز چسپاں کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
مسجد الحرام میں نمازیوں کے درمیان ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ قائم کرنے کے لیے مصلوں کی دوبارہ تقسیم بھی شروع کی جا چکی ہے اور اسٹیکر چسپاں کیے جارہے ہیں۔ تاکہ اومی کرون ویریئنٹ کے اثرات سے محفوظ رہا جاسکے۔
نمازیوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی اور دوسروں کی صحت کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے نماز اور طواف کے دوران نافذ کی گئی پابندیوں پر عمل پیرا ہوں۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیوایچ او) کی جانب سے بھی خبردار کیا ہے کہ کووِڈ-19 کے تیزی سے پھیلنے والے متغیّراومیکرون سے پیدا ہونے والا خطرہ اب بھی بہت زیادہ ہے۔
مزید پڑھیں: مسجد الحرام کے چھ نئے میناروں کی تیاری کا کام آخری مراحل میں داخل