پولیس جنوبی کیرولائنا کے ایک تحقیقاتی ادارے سے فرار ہونے والے 43بندروں کو تلاش کر رہی ہے، یہ بندر اس وقت بھاگ نکلے جب ایک نگران ان کا پنجرہ کھلا چھوڑ گیا، مقامی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ عوام کے لیے تقریباً کوئی خطرہ نہیں ہے۔
ان بندروں کا تعلق امریکا کی ریاست کے لو کنٹری کے علاقے میں موجودالفا جینیسس نامی کمپنی سے ہے، جو طبی تجربات اور تحقیق کے لیے بندروں کی پرورش کرتی ہے۔
حکام نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں اور کسی بھی بندر کو دیکھنے پر فوری اطلاع دیں۔ یماسی پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق فرار ہونے والے بندر نوجوان مادائیں ہیں، جن کا وزن تقریباً 7 پاؤنڈ (3.2 کلوگرام) ہے۔
حکام نے جمعرات کو بتایا کہ کمپنی نے ان “خوفزدہ” بندروں کو تلاش کر لیا ہے اور انہیں کھانے کے ذریعے واپس بلانے کی کوشش کر رہی ہے۔
یماسی پولیس چیف گریگوری الیگزینڈرنے کہا، “یہ بندر کسی بھی بیماری میں مبتلا نہیں ہیں اور بالکل بے ضرر ہیں، البتہ یہ تھوڑے سے خوفزدہ ہیں۔
گریگوری الیگزینڈرکا کہنا تھا کہ اگرچہ یہ ادارہ اکثر اوقات سائٹ پر فرار ہونے والے بندروں کو سنبھال لیتا ہے لیکن اس بار یہ بندر کمپلیکس سے فرار ہو کر یماسی کے مرکز سے تقریباً ایک میل (1.6 کلومیٹر) دور نکل گئے۔
انہوں نے مزید بتایا، “نگران انہیں اچھی طرح جانتے ہیں اور عام طور پر پھل یا کسی چھوٹے ٹریٹ کے ذریعے واپس بلا لیتے ہیں۔”