روشنیوں کے شہر میں کشمیری چائے کا لطف اُٹھانے کیلئے 3 اہم مقامات

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ملک بھر میں سردی  کا موسم عروج پر ہے، عوام ٹھنڈ پر قابو پانے کیلئے مشروبات اور گرم کھانوں کا استعمال بھی کر رہے ہیں۔ ایسے میں کشمیری چائے پینے کو مل جائے تو منہ میں پانی بھر آتا ہے۔

آج کراچی کے ایسے 3 مقامات کا ذکر کریں گے جہاں کی کشمیری چائے آپ کو لازمی پینی چاہئے اور جن کا دعویٰ ہے کہ ان جیسی کشمیری چائے کراچی میں اور کوئی نہیں بنا سکتا۔

کوئلہ چائے

سب سے پہلا مقام کراچی میں واقع کوئلہ چائے کا ہے جہاں ریسٹورنٹ کے مالک کا کہنا ہے کہ کشمیری چائے جموں و کشمیر کی سوغات ہے جسے ہم کوئلے پر بنا رہے ہیں جبکہ عام طور پر کشمیری چائے آپ کو گیس پر بنتی ہوئی ملے گی۔

چائے کے اجزاء میں کشمیری پتی اور خشک میوہ جات کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ریسٹورنٹ مالک کا دعویٰ ہے کہ سردی کے باعث عوام کی بڑی تعداد کوئلہ چائے کا رخ کرتی ہے اور ہماری کشمیری چائے کے معیار پر اچھی آراء سے نوازتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارے ہاں کشمیری چائے کے ایک کپ کے 145 روپے لیے جاتے ہیں۔ عوام نہ صرف کشمیری چائے خود پیتے ہیں بلکہ گھروں میں بھی لے کر جانا پسند کرتے ہیں۔ 

فنٹاسٹک ٹی 

دوسرا اہم مقام جہاں آپ کو کراچی میں کشمیری چائے کا لطف اٹھانے کیلئے جانا چاہئے وہ دی فنٹاسٹک ٹی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کشمیر کے لوگ چائے میں کھوپرے کا استعمال کرتے ہیں۔ ہمارے پاس دونوں آپشنز ہیں، اگر لوگ بادام پستے کی فرمائش کرتے ہیں تو وہ بھی ڈال سکتے ہیں۔

دی فنٹاسٹک ٹی کے نمائندے کے مطابق کشمیری چائے کو کراچی کے لوگ سردیوں کے موسم میں ترجیحاً پیتے ہیں۔ ہم صارفین کیلئے کشمیری چائے بنانے سے قبل قہوہ پہلے ہی تیار کر لیتے ہیں کیونکہ 45 سے 50 منٹ عام طور پر قہوہ تیار کرنے میں لگ جاتے ہیں۔

قہوے کی تیاری کے بعد کشمیری چائے تیار کرنے میں صرف 15 سے 20 منٹ درکار ہوتے ہیں۔ 27 فروری کو پاکستان اور بھارت کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اسی کی یاد میں دی فنٹاسٹک ٹی کا نام رکھا گیا ہے۔

یہاں چائے کے ایک مکمل کپ کی قیمت 150 روپے رکھی گئی ہے جس کی استطاعت نہ رکھنے والے گاہکوں کیلئے 100 روپے میں کشمیری چائے کٹ کی صورت میں بھی دستیاب ہے۔ 

اسٹوڈنٹ چائے

ہمارے تیسرے انتخاب اسٹوڈنٹ چائے والوں کا کہنا ہے کہ ہم اپنے کسٹمرز کو چائے تھرماس میں پیش کرتے ہیں۔ نئی چیز یہ ہے کہ ہم کشمیری چائے کو مٹکا کپ میں بھی پیش کرتے ہیں۔ ہم کشمیری چائے کی تیاری میں کوئی مصنوعی رنگ استعمال نہیں کرتے۔

تیاری کے حوالے سے اسٹوڈنٹ چائے والوں کا کہنا ہے کہ اسٹوڈنٹ چائے ہم قدرتی رنگ میں ہی تیار کرکے پیش کرنا پسند کرتے ہیں۔ ہماری کشمیری چائے کی شکل و صورت جو آپ کو نظر آرہی ہے وہ مکمل طور پر قدرتی ہوتی ہے۔

چائے کے تیسرے منفرد مقام اسٹوڈنٹ چائے پر کشمیری چائے کے ایک کپ کی قیمت 120روپے مقرر کی گئی ہے۔ سردی کے موسم میں کشمیری چائے پینے کیلئے مذکورہ بالا تینوں مقامات میں سے کسی بھی مقام کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔