ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور مشہور انگریزی فلم جراسک پارک سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والے سیم نیل 78 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ پانچ دہائیوں سے زائد عرصے تک فلم اور ٹیلی وژن کی دنیا میں اپنی منفرد اداکاری سے نام بنانے والے اداکار نے 13 جولائی کو آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں اپنے خاندان اور قریبی افراد کے درمیان زندگی کی آخری سانس لی۔
سیم نیل کے خاندان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ان کی موت اچانک اور غیر متوقع طور پر ہوئی حالانکہ چند ماہ قبل انہیں خون کے ایک نایاب کینسر سے صحت یاب قرار دیا گیا تھا۔
سیم نیل کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا تھا جنہوں نے اپنے طویل کیریئر میں خود کو کسی ایک کردار یا فلم تک محدود نہیں رکھا۔ انہوں نے بڑی فلمی فرنچائزز، آزاد فلموں، تھرلر، ڈراما اور تاریخی موضوعات پر مبنی کئی منصوبوں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اگرچہ عام شائقین انہیں 1993 کی مشہور فلم جراسک پارک میں ڈاکٹر ایلن گرانٹ کے کردار کے حوالے سے سب سے زیادہ جانتے ہیں لیکن ان کا فنّی سفر اس ایک کامیاب فلم سے کہیں زیادہ وسیع اور متنوع تھا۔
نیوزی لینڈ سے عالمی پہچان تک کا سفر
سیم نیل کا اصل نام نائیجل جان ڈرموٹ نیل تھا۔ وہ 14 ستمبر 1947 کو شمالی آئرلینڈ کے شہر اوماغ میں پیدا ہوئے۔ بچپن ہی میں وہ اپنے خاندان کے ساتھ نیوزی لینڈ منتقل ہو گئے جہاں انہوں نے انگریزی ادب کی تعلیم حاصل کی۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے نیوزی لینڈ کے نیشنل فلم یونٹ سے اپنے عملی سفر کا آغاز کیا۔
1977 میں ریلیز ہونے والی فلم سلیپنگ ڈاگز نے انہیں پہلی بڑی شناخت دی۔ یہ فلم نیوزی لینڈ کی ان ابتدائی فیچر فلموں میں شامل تھی جنہیں عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی۔ اس کے بعد 1979 میں آنے والی فلم مائی برلیئنٹ کیریئر نے ان کے بین الاقوامی کیریئر کو نئی بلندی دی جس میں انہوں نے اداکارہ جوڈی ڈیوس کے ساتھ کام کیا۔
1980 اور 1990 کی دہائیوں میں سیم نیل نے مختلف نوعیت کے کردار نبھا کر ثابت کیا کہ وہ ہر طرح کے کردار میں خود کو ڈھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کی نمایاں فلموں میں 1981 کی اومین تھری: دی فائنل کنفلکٹ، آندری ژولاوسکی کی ہدایت کاری میں بننے والی پوزیشن، ایول اینجلز (اے کرائی اِن دی ڈارک)، 1989 کی ڈیڈ کالم، 1990کی دی ہنٹ فار ریڈ اکتوبر، جین کیمپین کی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم دی پیانو (1993)، جان کارپنٹر کی اِن دی ماؤتھ آف میڈنس (1994) اور سائنس فکشن ہارر فلم ایونٹ ہورائزن (1997) شامل ہیں۔
ڈاکٹر ایلن گرانٹ کا کردار اور لازوال شہرت
سیم نیل کو عالمی شہرت کی بلند ترین سطح اس وقت ملی جب انہوں نے اسٹیون اسپیلبرگ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم جراسک پارک میں ڈاکٹر ایلن گرانٹ کا کردار ادا کیا۔ فلم میں وہ ایک ایسے ماہرِ حیاتیات کے روپ میں نظر آئے جو خطرات اور حالات پر ابتدا میں تحفظات رکھتا ہے لیکن اپنی سمجھ داری، ہمت اور انسان دوستی کے باعث ناظرین کے دلوں میں جگہ بنا لیتا ہے۔
اس مقبول کردار کو انہوں نے بعد میں 2001 میں ریلیز ہونے والی جراسک پارک تھری اور 2022 کی جراسک ورلڈ ڈومینین میں بھی دوبارہ پیش کیا۔ٹیلی وژن کی دنیا میں بھی ان کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رہا اور انہوں نے مرلن، دی ٹویلو، پیکی بلائنڈرز اور دی ٹیوڈرز جیسے معروف شوز میں اہم کردار ادا کیے۔ 150 سے زیادہ فلموں اور ٹی وی پروجیکٹس میں کام کرنے والے سیم نیل کو گولڈن گلوب اور پرائم ٹائم ایمی ایوارڈز کے لیے متعدد مرتبہ نامزد بھی کیا گیا۔
اداکاری سے ہٹ کر ایک منفرد شخصیت
سیم نیل صرف ایک کامیاب اداکار ہی نہیں بلکہ اپنی خوش اخلاقی، مزاحیہ حس اور خلوص بھری شخصیت کے لیے بھی مشہور تھے۔ وہ وسطی اوٹاگو میں واقع اپنے انگوروں کے باغ ٹو پیڈکس سے متعلق سرگرمیاں سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے رہتے تھے جس کے ذریعے لوگ ان کی روزمرہ زندگی اور فارم کے حالات سے بھی واقف رہتے تھے۔
2022 میں نیوزی لینڈ کے آرڈر آف میرٹ کے تحت انہیں دوبارہ اعزاز سے نوازا گیا جس کے بعد انہیں سر سیم نیل کا خطاب دیا گیا۔ انکی شخصیت کا یہ پہلو بھی مداحوں کیلئے خاص اہمیت رکھتا تھا کہ شہرت کے باوجود وہ سادگی اور اپنائیت کے لیے جانے جاتے تھے۔
بیماری کا انکشاف اور دنیا بھر سے خراجِ عقیدت
سال 2023 میں سیم نیل نے خود انکشاف کیا تھا کہ انہیں اینجیو امیونوبلاسٹک ٹی سیل لمفوما نامی کینسر لاحق ہوا ہے۔ انہوں نے اپنی بیماری، علاج اور صحت یابی کے سفر کو عوام کے ساتھ شیئر کیا جس پر دنیا بھر میں لوگوں نے ان کی حوصلہ مندی کو سراہا بعد ازاں بتایا گیا کہ کامیاب علاج کے بعد وہ اس بیماری سے نجات حاصل کر چکے تھے۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد فلمی دنیا میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ اداکاروں، ہدایت کاروں، سیاست دانوں اور مداحوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات سامنے آئے۔لوگوں نے انہیں باصلاحیت فنکار کے ساتھ ساتھ ایک عاجز، مہربان اور نفیس انسان کے طور پر یاد کیا۔ ان کے ساتھیوں کے مطابق وہ ایک ایسے پیشہ ور اداکار تھے جو اپنے اخلاق، گرمجوشی اور دلکش شخصیت کی وجہ سے سب کے لیے قابلِ احترام تھے۔
سر سیم نیل اپنے پیچھے چار بچوں کو چھوڑ گئے ہیں۔انکا پانچ دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط فنی سفر، 150 سے زائد فلمی اور ٹی وی کردار اور سنیما کے لیے ان کی خدمات آنے والے وقتوں میں بھی فلم سازوں اور مداحوں کے لیے ایک یادگار ورثہ رہیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








