آسٹریلوی لیجنڈ جنہیں باضابطہ طور پر اسپن کنگ کے نام سے جانا جاتا ہے، شین وارن تھائی لینڈ میں اپنے ولا میں مردہ حالت میں پائے گئے، اُن کی عمر 52سال تھی، مشتبہ طور پر امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ انہیں ہارٹ اٹیک ہوا تھا۔
وارن کی موت کرکٹ آسٹریلیا کے لیے جمعہ کو دوسرا بڑا دھچکا ہے جب ایک اور آسٹریلوی لیجنڈ، روڈنی مارش بھی دن کے اوائل میں انتقال کر گئے۔
کیرئیر:
شین وارن نے اپنا ڈیبیو ٹیسٹ کرکٹ سے کیا اور پہلا میچ 1992 میں بھارت کے خلاف کھیلا۔ 2007 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ ان کے کیریئر کا آخری میچ ثابت ہوا اور 15 سال پر محیط اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر میں وہ 1000 سے زائد وکٹیں لینے والے دوسرے بولر ہونے کا اعزاز لینے میں کامیاب ہوئے اور ریٹائر ہوگئے۔
دیکھا جائے تو کرکٹ کی اب تک کی تاریخ میں صرف شین وارن اور سری لنکا کے سابق اسپنر مرلی دھرن ایسے کرکٹرز ہیں جنہوں نے 1000 سے زائد وکٹیں حاصل کی ہیں۔
تنازعات:
شین وارن متنازعہ کردار کے حامل رہے، 1994 میں جوئے کا واقعہ اور منشیات کا اسکینڈل، وہ دو واقعات ہیں جو ذہن میں آتے ہیں۔ شین وارن کو اپنے کیریئر کے دوران اور بھی مسائل کا سامنا رہا، مگر انہو ں نے کسی بھی مسئلے کے باعث اپنے کھیل کو متاثر نہیں ہونے دیا۔
تعزیت:
شین وارن کے المناک واقعے کے بعد تمام حلقوں سے تعزیت کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ پاکستان کے تمام فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ اس خبر پر یقین کرنا مشکل ہے۔پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ ”کرکٹ کا کھیل” لیگ اسپن باؤلنگ کی ”یونیورسٹی” کھو چکا ہے۔