اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ و محصولات شوکت ترین پیر کو خیبرپختونخوا (کے پی) سے سینیٹر منتخب ہوگئے۔
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا اسمبلی سے 87 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ شوکت ترین اب وفاقی وزیر خزانہ کے طور پر کام کر سکیں گے اور اہم حکومتی اور پارلیمانی اجلاسوں کی صدارت کر سکیں گے۔
گزشتہ ماہ پی ٹی آئی کے محمد ایوب آفریدی نے ایوان بالا کی رکنیت سے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو پیش کیا تھا اور اپنی نشست خالی کر دی تھی۔
شوکت ترین کو 17 اپریل کو وزیر خزانہ مقرر کیا گیا تھا اور ان کی آئینی مدت 16 اکتوبر کو ختم ہوئی تھی جس کے بعد انہیں وزیراعظم کا مشیر خزانہ مقرر کیا گیا تھا۔
دوسری کوشش:
حکومت نے اس سے قبل سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو، جو کہ پارلیمنٹ کے رکن بھی نہیں تھے، کو سینیٹ کے لیے منتخب کرانے کی کوشش کی تھی۔
حفیظ شیخ کو دسمبر 2020 میں وزیر خزانہ مقرر کیا گیا تھا اور وہ مارچ کے سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد سے جنرل نشست کے لیے حکومتی امیدوار تھے۔
لیکن حکومت کو دھچکا لگا جب حفیظ شیخ حزب اختلاف کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی سے ہار گئے، جس کے نتیجے میں وزیراعظم عمران کو قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا پڑا تاکہ یہ ظاہر کیا جا سکے کہ ان کے پاس اب بھی اکثریت ہے۔
مزید پڑھیں: او آئی سی اجلاس افغانستان کے لئے بڑی کامیابی ہے، سیکریٹری جنرل او آئی سی