وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ القادر یونیورسٹی میرے پاس آگئی، اب وہاں جادو ٹونہ نہیں سکھایا جائے گا، پنجاب میں اس وقت 700سڑکیں بن رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اوکاڑہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہونہار بچوں کو سلام پیش کرتی ہوں اور انہیں ہونہار اسکالر شپ ملنے پر مبارکباد دیتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاریخ کا پہلا وزیر اعظم ہے جو رشوت لیتے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ہمیں چور، چور کہنے والے پر خود چوری ثابت ہو گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ اسی اڈیالہ جیل میں قید ہے، جس میں کبھی میں اور میرے والے والد بھی قید تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ وقت سدا ایک جیسا نہیں رہتا، سب نے دیکھا اس کی بیوی نے پانچ قیراط کی انگوٹھی مانگی، اڈیالہ جیل میں اسے اچھا کھانا ملتا ہے تو مجھے اعتراض نہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ سب کو سچ کی تلاش کرنی چاہیے، ملک کو انتشار اور فساد کی نہیں بلکہ ترقی اور اتحاد کی ضرورت ہے، ملک کو نفرت نہیں اتحاد چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کو انتشار نہیں امن چاہیے، ملک کو فساد نہیں ترقی چاہیے، ملک کو بدتہذیب نہیں، بلکہ تہذیب یافتہ قوم چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج یہاں پر دل کی باتیں سننے اور کرنے آئی ہوں، ہونہار اسکالر شپ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے، ہونہار بچوں کی کمی نہیں، اگلے سال ایک لاکھ طلبہ کو ای بائیکس دوں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لیپ ٹاپ کی پہلی شپمنٹ آگئی ہے، رواں سال اوکاڑہ کو میڈیکل کالج بھی دیں گے، کبھی کبھی وزیر تعلیم پنجاب کو ڈانٹ بھی دیتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ سے قائم ہونے والے رشتے کو کمزور نہیں ہونے دوں گی، اوکاڑہ یونیورسٹی میں بورڈنگ کی سہولت قائم کی جائے گی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ طلبہ کو اسکالر شپ 100 فیصد میرٹ پر دی جا رہی ہیں، آئندہ 50 ہزار طلبہ کو اسکالر شپس دی جائیں گی۔