اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت چاہتی ہے کہ بجٹ پیش کیے جانے کے بعد اسمبلیاں تحلیل کی جائیں جبکہ پی ٹی آئی مئی میں تحلیل کے حق میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم بجٹ نگراں حکومت پر نہیں چھوڑ سکتے۔ پی ٹی آئی کہتی ہے کہ مئی میں اسمبلیاں تحلیل کردیں جبکہ حکومت چاہتی ہے کہ یہ معاملہ بجٹ کے بعد ہو۔
حکومت 14مئی تک اسمبلیاں تحلیل کرے۔عمران خان
بیان میں وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بجٹ 30 جون تک پیش کیا جاتا ہے۔ اگست میں ساری اسمبلیاں اپنی اپنی مدت پوری کر رہی ہیں۔ بارہ تیرہ جولائی یا بارہ تیرہ اگست میں کتنا فرق ہے؟
اسمبلیوں کی تحلیل پر پی ٹی آئی کا مؤقف
خیال رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت 14مئی تک اسمبلیاں تحلیل کردے، ہم ملک بھر میں ایک تاریخ پر الیکشن کیلئے تیار ہیں۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی کارکنان سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم حکومت سے مذاکرات جاری رکھیں گے، منگل کے روز ہماری ٹیم مذاکرات کیلئے پہنچے گی۔ کہا جارہا ہے کہ بجٹ پہلے منظور ہوگا، الیکشن بعد میں ہوں گے۔