اسلام آباد:وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے بڑے صنعتکاروں کو ٹیکس معاف کرنے کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی ٹیم 208 ارب روپے معاف کرنے کی مکمل تفصیل قوم کے سامنے رکھے ،قرض معاف کرنے کے حوالے سے حقائق کو توڑمروڑ کرپیش کیا جارہا ہے ۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 7نکاتی ایجنڈے پرغورکیا گیا ،وفاقی کابینہ نے گیس ڈیولپمنٹ سرچارج کی مد میں 208ارب روپے معاف کرنے کے معاملے پر اعترا ض اٹھایاجس پر مشیر خزانہ نے انہیں معاملے پر مکمل بریفنگ دی ،وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قومی خزانے کی حفاظت کی ذمہ داری خود لی ہے ،کسی کونوازا نہیں جائے گا،وزیراعظم نے جے آئی ڈی سی کے حوالے سے تمام کمپنیوں کاآڈٹ کرانے کی بھی ہدایت کردی ۔
مزید پڑھیں : ٹیکس وصولی کے بعد 90 فیصد ہدف پورا کرلیا۔چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی
اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اوربھارت کے لیے قومی فضائی حدود بند کرنے کامعاملہ بھی زیرغور آیا،کابینہ اجلاس میں مدارس میں اصلاحات کی منظوری دی گئی اورمدارس کی رجسٹریشن کےلیے مربوط نظام وضع کرنے کافیصلہ کرلیا گیا۔
کابینہ اجلاس میں پہلے اسلامی کیلنڈر کو حتمی شکل دینے کے لیے کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی گئی،وزراء نے سفارش کی کہ وزارت مذہبی امور اسلامی کیلنڈر کے معاملے پر سنجیدگی سے غور کرے،اجلاس میں کابینہ نے وفاقی تعلیمی اداروں کے ملازمین کی مستقلی کے معاملے پراعلیٰ سطحی کمیٹی بھی قائم کردی۔