گھڑی سیٹ کے خریدار شیخ عمر فاروق کی پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے ايک اور ثبوت نے پارٹی رہنماؤں کے جھوٹ کا پول مزید کھول دیا۔
جس شخص کو تحریک انصاف کے رہنما پہچاننے سے انکاری ہیں وہ عمران دور کی نجی و سرکاری محفلوں میں اہم شخصیات کے ساتھ موجود رہا۔
فيصل واوڈا، عمر ايوب، نعيم الحق اور ديگر پارٹی رہنماؤں کے بعد اب صدر عارف علوی کی بھی شیخ عمر فاروق سے ملاقات کا ثبوت سامنے آ گیا ہے۔
قواعد کے مطابق ہر ملاقاتی کا مکمل تعارف صدر مملکت کو ملاقات سے پہلے ہی فراہم کردیا جاتا ہے، اس سے پہلے عمر فاروق کی فيصل واوڈا، عمر ايوب، نعيم الحق اور ديگر رہنماؤں کے ساتھ بھی تصاویر سامنے آچکی ہیں جبکہ فواد چوہدری کے عمر فاروق سے ٹویٹر پر مبینہ رابطے بھی ظاہر ہوچکے ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کا یہ دعویٰ بھی متنازع بن چکا ہے کہ سعودی ولی عہد سے ملنے والا تحفہ دبئی میں نہیں اسلام آباد میں بیچا گیا تھا اور یہ بھانڈا بھی دبئی کے خریدار شیخ عمر فاروق نے خود ہی پھوڑا تھا۔