پی ایس ایل 8 کے میچ میں محمد عامر کی تباہ کن بولنگ کے بعد پشاور زلمی نے شاندار کم بیک کیا اور 197 رنز بنا ڈالے، کراچی کنگز 24 رنز سے شکست کھاگئی۔
پاکستان سپر لیگ 8 کے 17 ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی نے عامر کی تباہ کن بولنگ کے بعد شاندار کم بیک کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 197 رنز بنا ڈالے۔
کراچی کنگز کو جیت کیلئے 198 رنز کا ہدف ملا، ان کا آغاز اچھا رہا اوپنرز نے 40 رنز کی شراکت قائم کی تاہم اس کے بعد مسلسل وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
فاسٹ بولر محمد عامر نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے پہلے ہی اوور میں پشاور زلمی کو 2 زور دار جھٹکے دیئے اور محمد حارث اور کپتان بابر اعظم کو ایل بی ڈبلیو کرکے چلتاکردیا دونوں کوئی رن نہ بناسکے جبکہ اپنے دوسرے اوور میں صائم ایوب کو ایک بھی ایک رن پر پویلین بھیج دیا۔
The Real King is Back 💙#HBLPSL8 @iamamirofficial #KkvPz #Amir #BabarAzam pic.twitter.com/JGO3dST2uG
— Muhammad Noman (@nomanedits) March 1, 2023
فاسٹ بولر محمد عامر کو گزشتہ کئی دن سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا لیکن آج کی شاندار پرفارمنس پر انہوں نے سب کو حیران کردیا۔
ایک موقع پر پشاور زلمی کے محض 2 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے تاہم اس کے بعد ٹیم ٹام کوہلر کیڈ مور اور حسیب اللہ نے ٹیم کو سنبھالا دیا، حسیب اللہ 29 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
حسیب اللہ کے بعد روومین پاول میدان میں آئے، انہوں نے بھی جارحانہ انداز اختیار کیا اور 34 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 64 رنز جڑ دیئے۔
دوسری جانب سے کیڈ مور نے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی، انہوں نے 45 گیندوں پر 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے، عامر جمال نے 5 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 13 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر نے صرف 26 رنز دے کر 4، تبریز شمسی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ عاکف جاوید 58 رنز دے کر مہنگے ترین بولر رہے۔
پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے 4، 4 پوائنٹس ہیں، دونوں ٹیمیں بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔