ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی آرمی چیف بپن راوت کے جھوٹ کو بے نقاب کرنے کے لیے سفارتکاروں اور ذرائع ابلاغ کا لائن آف کنٹرول کا دورہ کرایا گیا،بین الاقوامی برادری کے سامنے بھارتی جھوٹ بے نقاب ہوگیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارتی جھوٹ کو بے نقاب کرنے اور اس کی جانب سے مسلسل سیزفائر کی خلاف ورزی پر غیر ملکی سفارتکاروں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کا لائن آف کنٹرول کا دورہ کرایا۔
ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق بھارت کی طرف سے حالیہ سیز فائر کی خلاف ورزی والے علاقے میں دورہ کرایا گیا، اس علاقے میں 5 شہری شہید جبکہ 6 زخمی ہوگئے تھے اور بھارتی آرمی چیف کے جھوٹ کو بے نقاب کر دیا۔
مزید پڑھیں: عالمی میڈیا اور سفارتکاروں کا لائن آف کنٹرول کا دورہ، بھارتی بیانیہ بے نقاب
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن سے کہا کہ لانچنگ پیڈ کا محل وقوع بتایا جائے لیکن اب تک بھارتی ہائی کمیشن کی طرف سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
بھارتی ہائی کمیشن کے حکام کو بھی دورے کے لیے مدعو کیا گیا تھا لیکن وہ نہیں گئے، بھارت کا تفصیلات نہ دینا اس کے جھوٹ کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت آرمی چیف کی طرف سے دروغ گوئی کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کا مقصد دہشت گردوں کے لانچنگ پیڈ کو نقصان پہنچانا تھا،غیرملکی سفارتکاروں کو جورا لے جایا گیا تاکہ وہ خود صورتحال کا جائزہ لے سکیں۔ سفارتکاروں نے خود شہریوں کو ہونے والے جانی و مالی نقصانات کو دیکھا۔ سفیروں نے مظفر آباد میں زخمیوں سے بھی ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: نریندرمودی کی ہریانہ میں تقریرسندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے، وزیر خارجہ