کراچی: شہر قائد کے علاقے واٹر پمپ میں واقع ایک معروف فوڈ چین کے سیکورٹی گارڈ نے مبینہ طور پر ایک نوجوان پر فائرنگ کر دی جس کے بعد مشتعل شہریوں نے ریسٹورنٹ پر دھاوا بول دیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ایک معمر شخص گارڈ سے الجھ رہا تھا جبکہ گارڈ ریسٹورنٹ کے عملے کے ساتھ کھڑا تھا۔ اسی دوران گارڈ کو اپنا اسلحہ ایک ملازم کے حوالے کرتے بھی دیکھا گیا۔
فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان زخمی حالت میں زمین پر گرا ہوا نظر آیا جس پر موقع پر موجود افراد فوری طور پر مدد کے لیے پہنچے تاہم گارڈ جائے وقوعہ پر کھڑا رہا اور کچھ ہی دیر بعد ریسٹورنٹ کے اندر چلا گیا۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ گارڈ نے فائرنگ جان بوجھ کر کی یا یہ ایک حادثہ تھا۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عوامی غم و غصہ دیکھنے میں آیا۔
متعدد صارفین نے سیکورٹی گارڈز کے ہاتھوں میں اسلحہ کی غیر ذمہ دارانہ موجودگی پر سوال اٹھائے جبکہ کچھ نے اسے واضح زیادتی قرار دیتے ہوئے ریسٹورنٹ کی انتظامیہ کو بھی قصوروار ٹھہرایا کہ وہ فوراً معاملے میں مداخلت نہ کر سکی اور زخمی نوجوان کو بروقت طبی امداد فراہم نہ کی گئی۔
عینی شاہدین اور سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اگر فائرنگ واقعی غلطی تھی تو ریسٹورنٹ مینجمنٹ کو فوری طور پر زخمی لڑکے کی مدد کرنی چاہیے تھی۔ابھی تک کسی قسم کی پولیس رپورٹ یا ایف آئی آر درج ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔