اب بھارت سے مزید مذاکرات کی بات نہیں کریں گے، اس کا فائدہ نہیں۔ وزیر اعظم عمران خان

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مذاکرات کا فائدہ نہیں، اب بھارت سے مزید مذاکرات کی بات نہیں کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان
مذاکرات کا فائدہ نہیں، اب بھارت سے مزید مذاکرات کی بات نہیں کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے  مسئلہ کشمیر پر بھارت سے مذاکرات کی بہت کوشش کی لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ اب بھارت سے مذاکرات کی مزید بات نہیں کروں گا۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کو دئیے گئے انٹرویو کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت سے بات چیت کے لیے بہت کچھ کہہ چکا ہوں لیکن اب مزید کچھ نہیں کیا جاسکتا۔

یہ بھی پڑھیں:کشمیر میں بھارتی جارحیت کا معاملہ عالمی عدالتِ انصاف لے جائیں گے۔ پاکستان کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ بھارت کی مودی سرکار نازی جرمنی کی طرح ہے۔ بدقسمتی سے بھارت نے پاکستان کے مؤقف پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ بھارتی حکومت سے مستقبل میں مذاکرات کے امکانات لگ بھگ صفر ہیں۔

مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 80 لاکھ کشمیریوں کی جان داؤ پر لگی ہوئی ہے۔ خدشہ ہے کہ بھارت مقبوضہ وادی میں نسل کشی کرنے والا ہے۔

خطے کی مجموعی صورتحال کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کشیدگی بڑھنے کا خطرہ ہے۔ عالمی برادری کو برصغیر کی صورتحال سے آگاہ رہنا ہوگا۔ یہاں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو صورتحال کی سنگینی سے آگاہ کر دیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ اقوام متحدہ اپنی امن فوج اور مبصرین مقبوضہ کشمیر بھیجے تاکہ کشمیر کی درست تصویر دنیا کے سامنے لائی جاسکے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم پاکستان عمران خان ہدایت کر چکے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی امریکا آمد پر شدید احتجاج کیا جائے۔

تحریک انصاف کے سیکریٹری برائے او آئی سی ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ سے گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت میں خصوصی ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے بھارت کو بین الاقوامی سطح پر عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا۔

مزید پڑھیں: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی امریکا آمد پر شدید احتجاج کیا جائے۔ وزیر اعظم کی ہدایت

Related Posts