کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ سے شیریں گل نامی جرائم پیشہ خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے اورپولیس نے ملزمہ سے 6 کلو چرس اور دستی بم بھی برآمد کیا ہے۔
خفیہ اطلاع موصول ہونے پر پولیس نے سہراب گوٹھ کے علاقے جنت گل ٹاؤن سے شیریں گل کو گرفتار کیا جبکہ اس کا مبینہ جرائم پیشہ شوہر فرار ہوگیا جبکہ ملزمہ سے 6 کلو چرس اور 1 عدد دستی بم کے علاوہ لوٹ مار کا سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلدیہ فیکٹری میں 259 افراد زندہ جلائے جانے کے سات سال بعد بھی متاثرین کو انصاف نہ مل سکا
پولیس کے مطابق ملزمہ پر 20 سے زائد مقدمات پہلے ہی درج ہیں جبکہ وہ اور اس کا شوہر ڈاکوؤں، چوروں اور بھتہ خوروں کو چھپنے کی جگہ دیتے اور جرائم پیشہ افراد سے لوٹا ہوا سامان خریدتے تھے۔اس سے قبل ملزمہ کے تین بیٹوں کو بھی گرفتار کیا گیا تھا جو منشیات فروشی میں ملوث پائے گئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے خلاف منشیات فروشی اور دیگر الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا جارہا ہے جبکہ ملزمہ کے شوہر کو بھی جلد گرفتار کرکے اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی یونیورسٹی میں سیکیورٹی گارڈ کے قتل سے یونیورسٹی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ نوجوان سیکیورٹی گارڈ کو مبینہ طور پر گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔
کامسیٹس یونیورسٹی سے 18 سالہ سیکیورٹی گارڈ کی لاش برآمد ہوئی جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو اطلاع کی گئی۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے پولیس کو بتایا کہ مرحوم سیکیورٹی گارڈ کا تعلق بن پکا کے علاقے سے ہے جبکہ وہ نجی سیکیورٹی کمپنی سے تعلق رکھتا تھا۔
مزید پڑھیں: سیکیورٹی گارڈ کا مبینہ قتل: اسلام آباد کی یونیورسٹی میں خوف و ہراس پھیل گیا