پاکستان کوسٹ گارڈز اور پاک فوج نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان سے 17 ارب روپے سے زائد کی منشیات برآمد کی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے منشیات کی سخت چیکنگ جاری رکھی ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں کوسٹ گارڈز اور پاک آرمی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پسنی کے علاقے جنرل ایریا شادی کور میں بھاری منشیات کو بیرونِ ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
کوسٹ گارڈز اور پاک آرمی کی مشترکہ ٹیموں نے آپریشن کرتے ہوئے متعلقہ علاقے میں پہاڑوں کے درمیان چھپائی گئی منشیات برآمد کی جس میں 101 کلو گرام کرسٹل اور 2700 کلو گرام اعلیٰ معیار کی چرس شامل ہیں۔ خدشہ ہے کہ یہ منشیات سمندر کے راستے بیرونِ ملک اسمگل ہونے والی تھی۔
پکڑی جانے والی منشیات کی قیمت عالمی منڈی میں 17 اعشاریہ 275 ارب روپے کے لگ بھگ بنتی ہے۔ ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز نے جوانوں کی محنت اور کام کی لگن کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: آرزو راجہ کیس ملزم علی اظہر کا ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع