کراچی: سابق وزیرِخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر کسی ضد یا مجبوری کی وجہ سے تاخیر ضروری ہے تو کم از کم الیکشن کی تاریخ تو دے دیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک سیاسی جماعت فروری میں الیکشن کا اعلان کر رہی ہے اور اس جماعت کے علاوہ کسی کو نہیں پتہ کہ ملک میں انتخابات کب ہوں گے۔
امریکی فوج کے ہتھیار کچے کے ڈاکوؤں کے پاس ہیں۔بلاول
بیان میں سابق وزیرِخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب کسی کو نہیں پتہ تو پھر میں لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات نہ کروں تو کیا کروں؟ کسی ضد یا مجبوری کے باعث الیکشن میں تاخیر ضروری ہوچکی ہے تو تاریخ کا اعلان ہونا چاہئے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت تنِ تنہا ملک کو درپیش مسائل سے نہیں نکال سکتی۔ تمام فریقین کو اعتماد میں لیا جائے۔ حکام بتائیں کہ الیکشن 90، 95 یا پھر 120 دن میں یا پھر 10 سال میں ہوں گے۔ آپ کا کیا ارادہ ہے؟
خیال رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امریکی فوج کے افغانستان میں استعمال کیے گئے ہتھیار کچے کے ڈاکوؤں کے پاس موجود ہیں جبکہ پولیس نے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔
سکھر میں شہید صحافی جان محمد مہر کے اہلِ خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 2روز قبل بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افغانستان میں موجود امریکی اسلحہ سندھ کے کچے کے ڈاکوؤں کے پاس پہنچ چکا ہے۔