کوئٹہ: وزیر اعلیٰ جام کمال کے بعد اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میر عبدالقدوس بزنجو کو بلوچستان کا نیا وزیر اعلیٰ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز جام کمال بطور وزیر اعلیٰ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا
وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد صوبائی اسمبلی میں پیش
بلوچستان عوامی پارٹی میں ناراض گروپ کے ترجمان سردار عبدالرحمان کھیتران کا کہنا ہے کہ جام کمال نے استعفیٰ دے کر باپ (بی اے پی) کو بچالیا۔ قدوس بزنجو بھی استعفیٰ دے دیں گے۔
عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ جام کمال کے بعد ایک تجربہ کار وزیر اعلیٰ سامنے لایا جائے گا جو عوام کی دسترس میں ہو۔ باوثوق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اسپیکر عبدالقدوس بزنجو مستعفی ہو گئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ جام کمال کا استعفیٰ منظور کر لیا گیا ہے جس کے بعد صوبائی کابینہ تحلیل ہوگئی جبکہ اسپیکر عبدالقدوس بزنجو کو نیا وزیر اعلیٰ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
چیف سیکریٹری بلوچستان نے وزیر اعلیٰ جام کمال کے استعفے کی منظوری کے بعد صوبائی کابینہ تحلیل کیے جانے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں سابق وزیر اعلیٰ کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: جام کمال مستعفی، بلوچستان کابینہ تحلیل، عبدالقدوس بزنجو نئے وزیر اعلیٰ ہونگے