آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں زیرو بیگنگ پنجاب منصوبے کا آغاز کردیا گیا ہے جس کا مقصد صوبے کو بھکاریوں سے پاک کرنا اور پہلے سے صوبے کی ہر گلی اور محلے میں بھیک مانگنے والے بھکاریوں کو باعزت روزگار فراہم کرکے معاشرے کا مفید شہری بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسان گھر پر ہو یا باہر، دفتر میں ہو یا کسی ریسٹورنٹ میں کھانا کھائے، سفر کرنے کیلئے بس یا ٹرین پر سوار ہو یا کسی پارک میں چہل قدمی کرے، بھیک مانگنے والے ہر جگہ پہنچ جاتے ہیں اور بھیک دینے کیلئے اس طرح پریشان کرتے ہیں جیسے انہیں دی جانے والی رقم بھیک دینے والے کا احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہو۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور ٹریفک پولیس نے پنجاب کو بھکاریوں سے پاک کرنے کا انقلابی منصوبہ متعارف کرایا ہے۔ لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ بھیک سے پاک پنجاب کیلئے ایک قدم اٹھایا گیا ہے جس کے تحت بھکاریوں کو ہنرمندی کی تربیت اور باعزت روزگار کے مواقع دئیے جائیں گے۔
ٹریفک پولیس نے زیرو بیگنگ منصوبے کیلئے صرف لائحہ عمل پیش نہیں کیا بلکہ پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن اور الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت ابتدائی طور پر مستحق خواتین و حضرات کی نشاندہی کی جائے گی اور انہیں ہنر سکھانے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








