سہولت ہی سہولت، موبائل بن گیا ڈرائیونگ لائسنس، نیا نظام نافذ

تازہ ترین

تازہ ترین

خیبرپختونخوا حکومت نے محکمہ ٹرانسپورٹ، خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (KPITB) اور دَستک ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے اشتراک سے الیکٹرانک ڈرائیونگ لائسنس (Electronic Driving License) متعارف کرا دیا ہے، جس کے بعد شہری اپنا ڈرائیونگ لائسنس موبائل فون پر بھی استعمال کر سکیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر جاری بیان کے مطابق یہ اقدام بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے “ڈیجیٹل پاکستان” وژن کے تحت عوام کو جدید، شفاف اور آسان سرکاری خدمات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

حکومت کے مطابق الیکٹرانک ڈرائیونگ لائسنس ہر وقت شہریوں کے موبائل فون میں دستیاب ہوگا اور اسے پولیس، سرکاری اداروں اور عدالتوں میں مکمل طور پر قابل قبول قانونی دستاویز کے طور پر تسلیم کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ای ڈرائیونگ لائسنس میں محفوظ کیو آر (QR) کوڈ شامل ہوگا، جس کے ذریعے چند سیکنڈ میں آن لائن تصدیق ممکن ہوگی۔ اس جدید نظام سے جعل سازی اور ردوبدل کے امکانات کم ہوں گے، جبکہ شہریوں کو فزیکل ڈرائیونگ لائسنس ہر وقت ساتھ رکھنے کی ضرورت بھی نہیں رہے گی۔

خیبرپختونخوا حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سرکاری خدمات کو مزید ڈیجیٹل، محفوظ اور شہریوں کے لیے آسان بنانا ہے۔

Related Posts