ترقی کا اشارہ؟ پاکستان میں سیمنٹ کی فروخت میں نمایاں اضافہ، نئے اعداد و شمار جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان میں مالی سال 2025-26 کے دوران سیمنٹ کی مقامی طلب میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مجموعی سیمنٹ فروخت بھی گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 7.21 فیصد بڑھ گئی۔ تاہم اسی عرصے میں سیمنٹ کی برآمدات میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (APCMA) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 میں مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی فروخت 4 کروڑ 15 لاکھ 7 ہزار ٹن رہی، جو گزشتہ مالی سال کے 3 کروڑ 79 لاکھ 6 ہزار ٹن کے مقابلے میں 9.5 فیصد زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق برآمدات 2.19 فیصد کمی کے ساتھ 92 لاکھ 10 ہزار ٹن سے کم ہو کر 90 لاکھ 8 ہزار ٹن رہ گئیں، تاہم مقامی طلب میں اضافے کے باعث مجموعی سیمنٹ فروخت 5 کروڑ 5 لاکھ 15 ہزار ٹن تک پہنچ گئی، جو ایک سال قبل کے مقابلے میں 7.21 فیصد زیادہ ہے۔

جون 2026 میں بھی سیمنٹ کی فروخت میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔ اس دوران مجموعی فروخت 43 لاکھ 31 ہزار ٹن رہی، جو جون 2025 کے مقابلے میں 18.38 فیصد زیادہ ہے۔ مقامی مارکیٹ میں فروخت 26.78 فیصد اضافے کے ساتھ 35 لاکھ 41 ہزار ٹن تک پہنچ گئی، جبکہ برآمدات 8.73 فیصد کمی کے بعد 7 لاکھ 89 ہزار 840 ٹن رہیں۔

اے پی سی ایم اے کے مطابق شمالی اور جنوبی دونوں خطوں کی سیمنٹ فیکٹریوں کی مقامی فروخت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جنوبی پاکستان سے سیمنٹ کی برآمدات میں بھی بہتری دیکھی گئی۔

ایسوسی ایشن کے ترجمان نے امید ظاہر کی کہ آئندہ مہینوں میں ملکی اور عالمی منڈیوں میں سیمنٹ کی طلب مزید بہتر ہوگی۔ ان کے مطابق اگر مشرق وسطیٰ میں جغرافیائی و سیاسی کشیدگی کم ہوئی اور توانائی کی قیمتیں مستحکم رہیں تو سیمنٹ انڈسٹری کی پیداواری لاگت میں کمی اور کاروباری سرگرمیوں میں مزید بہتری آ سکتی ہے۔

Related Posts