قائم مقام صدر و چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ آف پاکستان کی موبائل ایپلی کیشن کا افتتاح کردیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام سینیٹ کی ڈیجیٹل تبدیلی، ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری اور عوام کو پارلیمانی معلومات تک بروقت رسائی دینے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی کے مطابق ایپ کے ذریعے وقت کی بچت، کام میں تیزی اور غیر ضروری دفتری مراحل میں کمی آئے گی جبکہ پارلیمان اور عوام کے درمیان رابطہ بھی مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے سینیٹرز پر زور دیا کہ وہ نئی ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کریں۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بھی ایپ کے اجرا کو پارلیمانی نظام کو جدید بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن اب صرف آئی ٹی تک محدود نہیں بلکہ حکمرانی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں کا لازمی حصہ بن چکی ہے۔
سینیٹ حکام کے مطابق آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کی تیار کردہ موبائل ایپ پارلیمانی معلومات کی تیز تر فراہمی اور سینیٹ کے کام کو جدید ڈیجیٹل تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد دے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








