عمران خان کی ممکنہ رخصتی، پاکستان میں کس وزیراعظم نے کتنا عرصہ حکمرانی کی ؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Which Prime Minister has ruled the longest in Pakistan?

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

قومی اسمبلی میں اپوزیشن کوعددی برتری حاصل ہونے کے بعد تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں اورعمران خان کے وزیر اعظم کے منصب سے الگ ہونے کی راہ ہمواہ ہوگئی ہے اور اہم بات تو یہ ہے کہ اپنی پانچ سالہ مدت سے پہلے وزارت عظمیٰ چھوڑنے والے عمران خان پہلے وزیراعظم نہیں ہونگے۔ پاکستان کی تاریخ میں آج تک کوئی وزیر اعظم پانچ سال وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز نہیں رہ سکا۔
ملک کی تاریخ میں کس منتخب وزیراعظم نے کتنا عرصہ حکمرانی کی ، آیئے ایک نظر دیکھتے ہیں۔

1۔نوابزادہ لیاقت علی خان
نوابزادہ لیاقت علی خان نے 14 اگست 1947 کو پاکستان کے پہلے وزیراعظم کا منصب سنبھالا اور 4 سال 63 دن حکمرانی کے بعد انہیں 16 اکتوبر 1951 کو راولپنڈی میں قتل کردیا گیا۔

2۔خواجہ ناظم الدین
پاکستان کے دوسرے وزیراعظم خواجہ ناظم الدین نے ملک میں پہلے بنگالی وزیراعظم ہونے کا اعزاز حاصل کیا تاہم وہ وزارت عظمیٰ کے منصب پر 17 اکتوبر1951 سے 17 اپریل 1953 یعنی صرف ایک سال 182 دن تک وزیراعظم رہے۔

3۔محمد علی بوگرہ
پاکستان کے تیسرے وزیراعظم محمد علی بوگرہ کا تعلق بھی بنگالی برادری سے تھا اور وہ 17اپریل 1953سے 12 اگست 1955 تک وزیراعظم کے عہدہ پر براجمان رہے۔

4۔چوہدری محمد علی
پاکستان کے چوتھے وزیراعظم چوہدری محمد علی پہلے پنجابی وزیراعظم تھے جو 12 اگست 1955 سے 12 ستمبر 1956 تک یعنی ایک سال اور 31 دن تک وزیراعظم رہے۔

5۔حسین سہروردی
حسین سہروردی کو پاکستان کاپانچواں وزیراعظم بننے کا اعزاز حاصل ہوا لیکن وہ بھی صرف ایک سال 35 دن یعنی 12 ستمبر 1956 سے 17 اکتوبر 1957 تک وزیراعظم رہ سکے۔

6۔ ابراہیم اسماعیل چندریگر
پاکستان کا چھٹا وزیراعظم بننے کا اعزاز ابراہیم اسماعیل چندریگرکو حاصل ہوا لیکن ان کا اقتدار صرف 60 روز 17 اکتوبر1957 سے 16 دسمبر1957 تک برقرار رہ سکا۔

7۔فیروز خان نون
پاکستان کے ساتویں وزیراعظم فیروز خان نون295 دن تک حکمرانی کرسکے اور 16 دسمبر 1957 کو منصب سنبھالنے کے بعد 7 اکتوبر 1958 کو وزارت عظمیٰ سے سبکدوش ہوئے۔

8۔نور الامین
پاکستان کی تاریخ میں سب سے کم وقت کیلئے وزیراعظم بننے والے نور الامین کو پاکستان کا آٹھواں وزیراعظم بننے کا اعزاز صرف 13 دن کیلئے مل سکا۔

9۔ذولفقار علی بھٹو
پاکستان کے نویں وزیراعظم کا اعزاز حاصل کرنے والے ذولفقار علی بھٹو14 اگست 1973 سے 5 جولائی 1977 تک 3 سال اور 325 دن تک وزیراعظم رہے۔

10۔ محمد خان جونیجو
پاکستان کے دسویں وزیراعظم محمد خان جونیجو24 مارچ 1985 سے 29 مئی 1988 تک 3 سال 66 دن تک وزیراعظم کے منصب پر فائز رہے۔

11۔ بے نظیر بھٹو
پاکستان کی 11 ویں اور پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹوکو دو بار وزیراعظم بننے کا اعزاز ملا پہلی بار وہ ایک سال 247 دن تک 2 دسمبر 1988 سے 6 اگست 1990تک وزیراعظم کے منصب پر فائز رہیں۔

12۔ میاں محمد نواز شریف
پاکستان کے 12ویں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو 3 بار وزیراعظم بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ وہ پہلی بار 6 نومبر1990 سے 18 جولائی 1993 تک 2 سال 254 روز تک وزیراعظم رہے۔

13۔بے نظیر بھٹو
بے نظیر بھٹوکو پاکستان کی 13 ویں وزیراعظم بننے کا اعزاز ملا تاہم یہ اقتدار 19 اکتوبر 1993 سے 5 نومبر 1996 تک 3 سال 17 روز تک برقرار رہ سکا۔

14۔ میاں محمد نواز شریف
میاں محمد نواز شریف کو 17 فروری 1997 میں دوسری بار وزیراعظم بننے کا اعزاز حاصل ہوا لیکن پاکستان کے 14 ویں وزیراعظم کے طور پر یہ اقتدار 12 اکتوبر 1999 کو 2 سال 237 روز تک محدود رہا۔

15۔میر ظفر اللہ خان جمالی
پاکستان کے 15ویں وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی 23 نومبر 2002 سے 26 جون 2004 تک ایک سال اور 216 دن تک پاکستان کے وزیراعظم کے طور پر برسر اقتدار رہے۔

16۔چوہدری شجاعت حسین
پاکستان کے 16 ویں وزیراعظم کا اعزاز حاصل کرنے والے چوہدری شجاعت حسین مختصر وقت کیلئے وزیراعظم بننے والوں میں دوسرے نمبر ہیں جو 30جون 2004سے 26 اگست 2004 تک صرف 57 دن کیلئے وزیراعظم رہے۔

17۔ شوکت عزیز
پاکستان کے 17 ویں وزیراعظم شوکت عزیز نے 28 اگست 2004 کو وزیراعظم کامنصب سنبھالا اور 15 نومبر 2007 تک 3 سال 79 روز تک وزیراعظم کے منصب پر برقرار رہے۔

18۔سید یوسف رضا گیلانی
پاکستان کے 18 ویں وزیراعظم کا منصب سنبھالنے والے سید یوسف رضا گیلانی 25 مارچ 2008 سے 19 جون 2012 تک 4 سال 86 دن تک سب سے طویل عرصہ حکمرانی کرنیوالے حکمران ہیں۔

19۔راجا پرویز اشرف
پاکستان کے 19 ویں وزیراعظم راجا پرویز اشرف 22 جون 2012 سے 24 مارچ 2013 تک 275 دن تک وزارت عظمیٰ کے منصب پر موجود رہے۔

20۔ میاں محمد نواز شریف
پاکستان کی تاریخ میں 3 بار وزیراعظم بننے والے میاں محمد نواز شریف کو 12ویں اور 14 ویں کے بعد 20ویں وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے تاہم وہ تیسری بار بھی 5 سال کی مدت پوری کرنے میں ناکام رہے اور 4 سال 53 دن کے اقتدار کے بعد وزارت عظمیٰ سے الگ ہوئے۔

21۔شاہد خاقان عباسی
پاکستان کے 21 ویں وزیراعظم کا اعزاز شاہد خاقان عباسی کو ملا اور وہ یکم اگست 2017 سے 31 مئی 2018 تک 303 دن کیلئے وزیراعظم کے منصب پر فائز رہے۔

22۔ عمران خان
پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم عمران احمد خان نیازی نے 18 اگست 2018 کو وزیراعظم کا منصب سنبھالا اور تاحال پاکستان کے وزیراعظم کے عہدہ پر براجمان ہیں تاہم اگر ان کیخلاف اتوار3 اپریل کو تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوجاتی ہے تو وہ تقریباً 3 سال اور پانچ ماہ حکمرانی کرنے والے وزیراعظم بن جائینگے۔

Related Posts