وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کے دوران اگر کوئی جانی نقصان ہوا تو اس کی ذمہ داری وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پر عائد ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت 9 مئی جیسے واقعات دوبارہ نہیں ہونے دے گی اور اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
محسن نقوی کے مطابق پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات میں کئی معاملات پر اتفاق ہوگیا تھا اور معاہدہ بھی تقریباً تیار تھا تاہم ان کے بقول وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دہشت گردی کے معاملے پر بات چیت سے گریز کرکے مذاکراتی عمل کو متاثر کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم نے سنجیدگی اور نیک نیتی سے بات چیت کی تاہم دہشت گردی کے خلاف مؤقف پر اتفاق نہ ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت احتجاج کے حق کے خلاف نہیں لیکن اسلام آباد پر چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انکا کہنا تھا کہ لانگ مارچ سے حکومت کو کوئی گھبراہٹ نہیں اور سکیورٹی کے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔ مذاکرات کی ناکامی سے صدرِ مملکت اور وزیراعظم کو آگاہ کر دیا گیا ہے اب آئندہ حکمت عملی کے حوالے سے ان کے فیصلے پر عمل کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








