کراچی: پاکستان میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی تولہ سونا 10 ہزار روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 37 ہزار 936 روپے کی سطح پر پہنچ گیا جبکہ سونے کے یہ نرخ آج دوپہر تک برقرار رہیں گے۔
تفصیلات کےمطابق مقامی اور عالمی صرافہ مارکیٹوں میں سونے اور چاندی دونوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جس کے نتیجے میں سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 4 لاکھ 37 ہزار 936 روپے مقرر ہوگئی۔
دوسری جانب 10 گرام سونے کی قیمت میں 8 ہزار 573 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 75 ہزار 459 روپے ہوگئی۔چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ سامنے آیا ہے۔ فی تولہ چاندی 273 روپے مہنگی ہونے کے بعد 6 ہزار 624 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
عالمی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 100 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 155 ڈالر تک پہنچ گئی، جس کے اثرات پاکستان کی مقامی مارکیٹ میں بھی واضح طور پر دیکھے گئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








