کراچی: ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر کمی بیشی کی گئی ہے جس کے نتیجے میں پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں سامنے آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کردی جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 4روپے 45 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا جس سے پیٹرول کی نئی قیمت 333 روپے 1 پیسی فی لیٹر تک جا پہنچی۔
حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت 2 روپے فی لیٹر کمی کے بعد 383روپے 86 پیسے کی سطح پر آگئی۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی یہ نئی قیمتیں آج 6 اگست کیلئے ہیں جس کے بعد نئی قیمتیں جاری کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ حکومت پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے موجودہ نظام میں اصلاحات پر غور جاری ہے۔ تجاویز میں پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی (PDL) اور فیول پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ کے قیام جیسے اقدامات شامل ہیں جن کا مقصد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات کو کم کرنا ہے جبکہ قیمتوں کا تعین مارکیٹ کے مطابق برقرار رکھا جائے گا۔
اس سے قبل وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے گزشتہ روز کہا کہ یہ تجاویز حکومت کی معاشی ٹیم اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری مذاکرات کا حصہ ہیں۔ ان کے مطابق وہ اگست اور ستمبر میں پاکستان آنے والے آئی ایم ایف مشن کے ساتھ بھی اس معاملے پر تفصیلی بات کریں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








