تاجربرادری کے لیے وفاق اور صوبے میں آواز اٹھائیں گے، خالد مقبول صدیقی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

تاجربرادری کے لیے وفاق اور صوبے میں آواز اٹھائیں گے، خالد مقبول صدیقی
تاجربرادری کے لیے وفاق اور صوبے میں آواز اٹھائیں گے، خالد مقبول صدیقی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: سابق وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کی تاجر و صنعتکار برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وفاق اور صوبے کی سطح پر آواز بلند کریں گے اور کراچی کے اصل نمائندے ہونے کی حیثیت سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

یہ بات انہوں نے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(نکاٹی) کے دورے کے موقع پر صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان، سینئر نائب صدر شبیر اسماعیل، نائب صدر نعیم حیدر، این کے آئی ڈی ایم سی کے سی ای او صادق محمد، سینئر ممبران سید عثمان علی، سید طارق رشید کے علاوہ ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی۔

خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ کراچی کا نوحہ ستر سالوں سے سنایا جارہا ہے جو پاکستان کو پال رہا ہے اس کے ہاتھ کاٹ دینے سے پاکستان کی بقا کا مسئلہ پیدا ہوگا۔ ورلڈ بینک کے تحت جنوبی ایشیا کا پہلا ماس ٹرانزٹ ایم کیو ایم دور میں کراچی میں بننا تھا۔ ماس ٹرانزٹ بھی کراچی کا منصوبہ تھا مگر وفاق نے منصوبوں کے لیے گارنٹی فراہم نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں نکاسی آب اور فراہمی آب کے بڑے منصوبے ایم کیو ایم نے پیش کیے۔ انہوں نے مزید کہاکہ وہ صنعتکاروں کے مسائل ایم کیو ایم کے چار اراکین سمیت پی ٹی آئی کے کراچی سے منتخب چودہ نمائندوں کے سامنے رکھیں گے۔ صنعتکار اور تاجر ہمارے ساتھ کھڑے ہوں نا ہوں مگر ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان نے کہاکہ ایم کیو ایم کراچی کی تاجر و صنعتکار برادری کی حقیقی آواز بنے اور سندھ اسمبلی میں ہمارے مسائل کو اجاگر کرے کیونکہ سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر کراچی کو نہ اس کا حق ملا اور نہ مساوی بنیادوں پر وسائل فراہم کیے گئے۔

انہوں نے صنعتوں کو درپیش کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ جب تک ون ونڈو سہولت فراہم نہیں کی جاتی اس وقت تک کراچی کی تجارت وصنعت ترقی نہیں کرسکتی۔

یہ بھی پڑھیں : بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی ایم کو پیپلزپارٹی میں شمولیت کا مشورہ دے دیا

Related Posts