آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2027: پاک بھارت میچ نے ٹکٹس کی مانگ میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے لیے شائقینِ کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت اور درخواستوں کا سلسلہ شروع ہوتے ہی شائقین کی جانب سے زبردست رسپانس سامنے آیا ہے اور صرف تین ہی دنوں کے اندر ٹکٹوں کے حصول کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں کا مجموعی عدد 10 لاکھ کی حد عبور کر چکا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق شائقین کی سب سے بڑی توجہ کا مرکز روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا میچ ہے۔

شائقین کی اس زبردست دیوانگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اب تک صرف پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے گروپ میچ کے لیے ہی 1 لاکھ 10 ہزار سے زائد درخواستیں جمع ہو چکی ہیں۔

شیڈول کے مطابق پاک بھارت یہ روایتی اور ہائی ولٹیج مقابلہ اگلے سال یعنی 10 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کے تاریخی میدان میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی کے مطابق شائقین صرف گروپ میچ تک ہی محدود نہیں ہیں بلکہ ٹورنامنٹ کے اگلے مراحل کے لیے بھی شدید رسش جاری ہے۔

اس سنسنی خیز ایونٹ کے سپر سکس مرحلے میں بھی پاک بھارت ممکنہ ٹکرے کے لیے اب تک 78 ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں اس کے علاوہ ورلڈ کپ کے فائنل معرکے کے ٹکٹس کے لیے اب تک 69 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

کرکٹ کے اس سب سے بڑے میگا ایونٹ کے لیے ٹکٹوں کی اس غیر معمولی مانگ سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2027 کا ورلڈ کپ شائقینِ کرکٹ کے لیے یادگار ترین ٹورنامنٹ ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی میزبانی مشترکہ طور پر جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نامیبیا کریں گے جہاں تمام میچز ان تینوں ممالک کے مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

Related Posts