ٹیکسلا میں 14 اگست کو ٹک ٹاکر شمسو عرف عائشہ کے قتل کیس میں پولیس نے اہم پیشرفت کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث 2 شوٹرز سمیت مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق 14 اگست کی شام ٹیکسلا کے علاقے میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں ٹک ٹاکر شمسو عرف عائشہ موقع پر جاں بحق ہوگئی تھیں، جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے ان کی بہن اور بھائی بھی شدید زخمی ہوئے تھے۔
واقعے کے فوری بعد تھانہ ٹیکسلا پولیس نے قتل اور اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی گئی، جس کے بعد کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو شوٹرز اور مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واردات کے محرکات، منصوبہ بندی اور دیگر ممکنہ سہولت کاروں سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








