حکومت نے بجلی چوری اور اووربلنگ کی روک تھام کیلئے ملک بھر میں بجلی کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز نصب کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے جس کیلئے عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے اربوں ڈالر کی مالی معاونت حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی زیر صدارت 10 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں ملک گیر اسمارٹ میٹرنگ منصوبے اور ڈسکوز کے ترقیاتی پروگراموں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے کیلئے مالی وسائل کے حصول پر پیشرفت جاری ہے اور حکومت عالمی بینک (ورلڈ بینک) اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) سے مذاکرات کرے گی۔
مجوزہ اسمارٹ میٹرنگ نظام سے بجلی کی کھپت کی بہتر نگرانی، بجلی چوری میں کمی اور بلنگ کے نظام کو شفاف بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے جس سے صارفین کو غیر ضروری اضافی بلوں سے تحفظ فراہم کیا جاسکے گا۔
احد چیمہ نے واضح کیا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے باوجود اس منصوبے کو جاری رکھا جائے گا۔ نجی سرمایہ کاروں کو بھی اس کے تسلسل کا پابند بنانے کیلئے طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نجی سرمایہ کاروں کے نئے منصوبوں کیلئے مسابقتی بولی اور ضرورت کے مطابق نیپرا کی منظوری لازمی ہوگی۔ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ نجکاری کا مالی بوجھ صارفین پر منتقل نہ ہو۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








