عمران خان کو ہارٹ اٹیک اور برین ہیمرج؟ رات گئے پمز اسپتال منتقلی، اہم تفصیلات سامنے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو طبیعت ناساز ہونے پر سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی معائنے اور ضروری ٹیسٹوں کے بعد انہیں دوبارہ جیل واپس بھیج دیا گیا۔

جیل ذرائع کے مطابق عمران خان کو رات ایک بج کر 40 منٹ پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں پہلے سے موجود ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم نے ان کا معائنہ کیا۔ اس دوران بلڈ پریشر، بخار اور آنکھوں سے متعلق ضروری ٹیسٹ کیے گئے۔ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کے طبی معائنے کے بعد انہیں رات 3 بج کر 25 منٹ پر واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی میڈیکل ٹیم عمران خان کی صحت سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی جاری کرے گی۔ اس سے قبل 8 نومبر کو بھی جیل میں ان کا طبی معائنہ کیا گیا تھا۔

عمران خان کی صحت سے متعلق وکیل کے اہم انکشافات

دوسری جانب عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں سابق وزیراعظم کو برین ہیمرج اور ہارٹ اٹیک کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

ان کے مطابق یکم نومبر کو عمران خان کا بلڈ پریشر 192 تک پہنچ گیا تھا۔ انہوں نے عدالت سے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اسپتال منتقل کرنے اور آزاد میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی استدعا بھی کی۔

بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی سرجری سے متعلق تفصیلات

وکیل نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کی اگلی سرجری کے لیے 15 نومبر کی تاریخ مقرر ہے تاہم انہوں نے سابقہ معالجین یا اسپتال سے دوبارہ علاج کرانے پر تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ وکیل نے پہلی سرجری کے بعد انہیں دوبارہ جیل منتقل کیے جانے پر بھی اعتراض کیا اور طبی رپورٹس طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔

Related Posts