ملک کے توانائی کے شعبے کے لیے ایک اور بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے جہاں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے ضلع خیرپور میں تیل اور گیس کے نئے اور اہم ذخائر دریافت کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ اس حوالے سے تمام تر تفصیلات پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمع کروا دی گئی ہیں۔
او جی ڈی سی ایل کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یہ نئی دریافت بٹرسیم نارتھ ویسٹ-1 (Buttarsim North West-1) کے نام سے کھودے گئے کنویں سے عمل میں آئی ہے۔ ابتدائی اعداد و شمار کے تحت اس کنویں سے روزانہ کی بنیاد پر 1 کروڑ 28 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہو رہی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ 175 بیرل روزانہ کی شرح سے کنڈنسیٹ بھی نکالا جا رہا ہے۔
ترجمان او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ توانائی کے ان نئے ذخائر کی دریافت سے ملک میں دیسی گیس کے ذخائر کو تقویت ملے گی اور طلب و رسد کے فرق کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
ادارے کے مطابق اس نئی دریافت سے حاصل ہونے والی گیس کو جلد از جلد ملک کے مرکزی پائپ لائن سسٹم (نیشنل گرڈ) سے منسلک کر دیا جائے گا تاکہ صنعتی اور گھریلو صارفین کو اس کا فائدہ پہنچ سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








