آسٹریا کے جنوبی شہر گریز کے ایک ہائی اسکول میں آج صبح اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک نامعلوم شخص نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں اساتذہ اور طلبہ سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد زخمیوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
مقامی حکام اور پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ فائرنگ کرنے والا فرد خود اسی اسکول کا طالب علم تھا۔ اس نے اپنی ہولناک کارروائی کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر علاقے میں آپریشن کیا گیا اور اسکول کی عمارت کو کلیئر کر کے محفوظ قرار دیا گیا ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے نزدیکی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
فی الحال واقعے کے پیچھے وجوہات سامنے نہیں آ سکیں، تاہم حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ فائرنگ کے محرکات اور پس منظر کو واضح کیا جا سکے۔