سندھ میں کورونا پابندیاں نرم، کاروبار مکمل بحال، ہوٹلوں کو ڈائننگ کی بھی اجازت مل گئی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Corona restrictions ease on Sindh

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی:سندھ حکومت نے کورونا کی صورت حال میں بہتری کے باعث کئی پابندیوں میں نرمی کردی ہے ،ہفتے میں صرف ایک دن سیف ڈے ہوگا،کراچی میں اتوار اور دیہی سندھ میں جمعہ سیف ڈے کے طور پر بند ہوگا۔

محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا ایس او پیز عملدرآمد و کاروباری اوقات سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کردیاہے جس کا اطلاق 30ستمبر تک ہوگا۔

مزید پڑھیں:پاکستان میں کورونا کے 2 ہزار 714 نئے کیسز رپورٹ، 73مزید شہری جاں بحق

نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں کاروباری اور تجارتی مراکز رات 10بجے تک کھلے رہیں گے، ہفتے میں صرف ایک دن سیف ڈے ہوگا، کراچی میں اتوار جب کہ سندھ کے دیگر علاقوں میں جمعہ سیف ڈے کے طور پر بند ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں انڈور ڈائننگ رات 12بجے تک کھلی رہے گی تاہم انڈور ڈائننگ کے لئے ویکسی نیشن کارڈ ہمراہ رکھنا لازمی ہوگا۔ ریسٹورنٹس میں 50فیصد افراد کو بٹھانے کی اجازت ہوگی۔

سینما اور انڈور گیمز پر پابندی ہوگی لیکن جم کورونا ایس او پیز کے تحت کھولے جاسکیں گے، مزارات مقامی انتظامیہ اور محکمہ اوقاف کی اجازت سے کھولے جاسکیں گے، تفریحی پارکس، واٹرپارکس، پبلک پارکس اور سوئمنگ پولز 50فیصد گنجائش کے ساتھ کھولے جاسکتے ہیں۔

پبلک ٹرانسپورٹ میں 50فیصد اور ریلوے ٹرینوں میں 70فیصد مسافروں کو سفر کی اجازت ہوگی۔سندھ حکومت نے شادی بیاہ کی ان ڈور تقریبات کی اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان ڈور تقریبات میں 200مہمانوں کی اجازت ہوگی جب کہ اوپن ایریا میں شادی بیاہ کی تقریبات میں 400مہمانوں کی اجازت ہوگی۔

Related Posts