جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مفتی ابرار کی مبینہ طور پر برقع پہن کر دیوار پھلانگتے ہوئے اسلام آباد پولیس سے فرار ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے تاہم تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ یہ فوٹیج حقیقت پر مبنی نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے تیار کی گئی ہے۔
فیکٹ چیکنگ ادارے آئی ویریفائی پاکستان (iVerify Pakistan) کے مطابق 20 نومبر 2026 کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر متعدد ایسے اکاؤنٹس سے یہ ویڈیو شیئر کی گئی جن کی سابقہ پوسٹس سے مسلم لیگ (ن) کی حمایت کا رجحان ظاہر ہوتا ہے۔

ویڈیو کے ساتھ دعویٰ کیا گیا کہ مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی مفتی ابرار نے اسلام آباد پولیس کی آمد پر برقع پہن کر دیوار پھلانگی اور فرار ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق ایکس پر مولانا محمد خان شیرانی سے منسوب ایک اکاؤنٹ نے بھی یہ ویڈیو شیئر کی جسے تقریباً 28 ہزار 800 مرتبہ دیکھا گیا، جبکہ ایک دیگر اکاؤنٹ کی پوسٹ کو 21 ہزار 900 ویوز ملے بعد ازاں متعدد دوسرے اکاؤنٹس نے بھی اسی فوٹیج کو پھیلایا۔
مولانا فضل الرحمان کا انقلابی (فرنٹ مین) مفتی ابرار برقعہ پہن کر دیوار پلانگتے ہوئے بھاگ گیا
اسلام آباد پولیس کے آتے ہی مفتی ابرار نے خواتین کا برقعہ پہنا اور انقلاب کو خیر باد کہہ دیا۔۔
یہ وہی لوگ جنہوں نے پولیس سے پولیس سے ہاتھاپائی کی روڈز بند کئے ریاست کو دھمکیاں دی تجی https://t.co/BIBWocxPUh— Maulana Muhammad Khan Sherani (@MolanaSherani_) November 20, 2026
آئی ویریفائی پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم نے ویڈیو کا بصری اور فرانزک تجزیہ کیا جس کے دوران فوٹیج میں کئی غیر معمولی پہلو سامنے آئے۔ تجزیے کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والا شخص ایک ایسی بلند دیوار پر بظاہر آسانی سے چڑھتا دکھائی دیتا ہے جس پر پاؤں یا ہاتھ جمانے کے لیے کوئی نمایاں سہارا موجود نہیں۔ اسکے علاوہ دیوار پھلانگتے وقت جسمانی مشقت اور وزن اٹھانے کے قدرتی انداز بھی دکھائی نہیں دیتے۔
تحقیقات میں مختلف اے آئی ڈیٹیکشن ٹولز سے بھی مدد لی گئی۔ Uncov AI نے ویڈیو میں 95 فیصد جبکہ Is It Fake نامی ٹول نے 81 فیصد اے آئی سے تیار کردہ مواد کی نشاندہی کی۔ ایک اور ٹول Deploy Detect نے بھی فوٹیج کو مصنوعی ذہانت سے تیار شدہ قرار دیا۔ ریورس امیج سرچ کے ذریعے بھی کسی مستند میڈیا ادارے کی جانب سے اس واقعے کی اصل فوٹیج نہیں ملی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اکتوبر سے مولانا فضل الرحمان اور جمعیت علمائے اسلام کے دیگر رہنماؤں کے خلاف سوشل میڈیا پر گمراہ کن مواد پھیلانے کا سلسلہ جاری ہے جس میں اے آئی سے تیار کردہ ویڈیوز بھی شامل ہیں۔
فیکٹ چیک کا فیصلہ: آئی ویریفائی پاکستان نے مفتی ابرار کے برقع پہن کر پولیس سے فرار ہونے کے دعوے کو غلط قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وائرل ویڈیو مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








