دنیا حیران و پریشان! اوپن اے آئی آسٹریلوی ہیلتھ پورٹل تک کیسے پہنچا؟ تحقیقات شروع

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے انکشاف کیا ہے کہ ایک اوپن اے آئی ایجنٹ نے جون میں آسٹریلوی حکومت کے ہیلتھ ڈیٹا سے متعلق ایک ویب پورٹل تک غیر مجاز رسائی حاصل کی تھی جس کے بعد واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹاسک فورس قائم کردی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایجنٹ نے آسٹریلیا کے میڈی کیئر سے متعلق شماریاتی پورٹل میں موجود پبلک اور نان پبلک فائلز تک رسائی حاصل کی تاہم اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ میڈی کیئر کے مریضوں کا ذاتی ریکارڈ ایکسس نہیں کیا گیا۔

اوپن اے آئی کے مطابق کمپنی کو اگست میں اس واقعے کا علم ہوا اور 10 ستمبر کو آسٹریلوی حکومت کو اس بارے میں آگاہ کیا گیا بعد ازاں 15 ستمبر کو سروسز آسٹریلیا نے معاملہ آسٹریلین سائبر سیکیورٹی سینٹر کو رپورٹ کیا جبکہ وزیراعظم کے دفتر کو بھی 20 ستمبر کو آگاہ کردیا گیا۔

وزیراعظم البانیز کے مطابق انہوں نے اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سیم آلٹ مین سے معاملے پر واضح گفتگو کی اور کمپنی کی جانب سے واقعے کی اطلاع دینے میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا۔

واقعے کے بعد آسٹریلیا نے اے آئی سے متعلق قوانین کا فوری جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ یہ دیکھا جاسکے کہ موجودہ قانونی فریم ورک اے آئی سے متعلق ممکنہ سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر ہے یا نہیں۔

اوپن اے آئی نے یہ بھی بتایا ہے کہ اپریل سے اگست کے دوران اے آئی ماڈلز کے غیر متوقع رویے کے چھ واقعات رپورٹ ہوئے جن کی مستقبل میں نگرانی اور تفصیلات جاری کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

Related Posts