اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری منظور کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے۔قیمتوں میں اضافے کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد ہوگا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری پیغام میں لکھا ہے کہ اوگرا نے 6 روپے 5 پیسے فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں اضافہ تجویز کیا تھا وزیراعظم نے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے اضافے کی منظوری دی۔
انٹرنیشنل مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے اوگرا نے 6 روپے 5 پیسے فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں اضافہ تجویز کیا تھا۔لیکن وزیراعظم نے صرف 2 روپے فی لیٹر اضافے کی اجازت دی ہے۔ ڈیزل فی لیٹر3 روپے 44پیسے اضافے کی تجویز تھی لیکن صرف ایک روپئیہ چوالیس پیسے اضافے کی اجازت دی گئی ہے۔ pic.twitter.com/JlxH32hhGJ
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) June 30, 2021
شہباز گل نے مزید لکھا ہے کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 44 پیسے اضافے کی تجویز تھی لیکن ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 44 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روز میں ردوبدل کیا جاتا ہے جبکہ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد ہوگا۔
واضح رہے کہ 15 جون کو بھی پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 13 پیسے جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 3 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 79 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپے 89 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی گذشتہ روز پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی تھی تاہم قیمتوں میں اضافے یا کمی کا حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : لاہور کے رائیونڈ روڈ پر واقع گرلز ہاسٹل میں آگ لگنے سے دو خواتین جاں بحق ہو گئیں