وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا اسلام آباد مارچ کا اعلان، 27 ستمبر کو کارکنوں کو نکلنے کی ہدایت

تازہ ترین

تازہ ترین

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے 27 ستمبر 2026 کو اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور بشریٰ بی بی سے متعلق مطالبات کو اجاگر کرنا قرار دیا گیا ہے۔

سہیل آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مطالبہ ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اہل خانہ اور ذاتی معالج سے ملاقات کی اجازت دی جائے جبکہ زیرِ سماعت مقدمات کو میرٹ اور قانون کے مطابق چلایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے تمام کیسز کی شفاف سماعت ہونی چاہیے اور بنیادی قانونی حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے بھی تصدیق کی ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے 27 ستمبر کو لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔

شیخ وقاص اکرم کے مطابق سہیل آفریدی کے خطاب کے دوران کارکنوں کی جانب سے ڈی چوک جانے کے نعرے لگائے گئے، جس پر وزیراعلیٰ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کا رخ اڈیالہ کی جانب ہوگا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مارچ کے ذریعے اپنے مطالبات حکام تک پہنچائے جائیں گے، جبکہ سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اس سے قبل بھی مختلف مواقع پر احتجاجی تحریکوں اور جلسوں کا اعلان کیا جاتا رہا ہے، تاہم حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کیے جاتے ہیں۔

Related Posts