اسلام آباد: محرم کے دوران انٹرنیٹ بند ہوگا یا نہیں؟ فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔ انٹرنیٹ کی بندش کیلئے صوبوں کی جانب سے درخواست پر وزارتِ داخلہ کا بیان سامنے آگیا۔
نجی ٹی وی آج نیوز کی رپورٹ کے مطابق محرم الحرام کے دوران انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے صوبوں نے درخواست کی تھی جس پر وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔ ابھی تک وزیراعظم شہباز شریف نے انٹرنیٹ بندش پر فیصلہ نہیں کیا۔
بیان میں وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ابھی تک کسی صوبے کی جانب سے محرم الحرام کے دوران انٹرنیٹ بندش کی درخواست قبول یا مسترد نہیں کی جبکہ محرم کے دوران امن برقرار رکھنے کیلئے سوشل میڈیا پر پابندی کی درخواست مسترد کرنے کی اطلاع بے بنیاد ہے۔
وزارتِ داخلہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پابندی عائد کرنے کی بجائے فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبوں نے وفاقی حکومت کو مختلف سوشل میڈیا ایپس 6 سے 11 محرم تک بند رکھنے کی سفارش کی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے فیصلہ آنا تاحال باقی ہے۔