وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دشمن نے مسلم ممالک کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم مسلمانوں میں انتشار کی سازش کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ناکام بنایا گیا۔
قومی سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان تاریخی مکہ دفاعی معاہدہ ہوا ہے، جبکہ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امن کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امن دشمن عناصر مسلم ممالک میں نفرت اور تقسیم پیدا کرنے میں ناکام رہے، جبکہ بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران پوری قوم متحد ہو کر کھڑی رہی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ترکیے اور سعودی عرب ایسے دوست ممالک ہیں جنہوں نے مشکل اور اچھے وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، جبکہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت دار کی حیثیت سے کھڑے ہیں۔
انہوں نے سیرت کانفرنس کی روایت کو برقرار رکھنے پر علمائے کرام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا اجتماع اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ہم ایک ملت ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نئی نسل پوری قوم کی امیدوں کا مرکز ہے، اور جس انداز کی نسل تیار کی جائے گی، مستقبل بھی اسی کے مطابق تشکیل پائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








