آج قیمتیں بڑھنے کا امکان، کراچی میں پیٹرول غائب،شہری پریشان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

HASCOL

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: آج سے پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر کراچی میں پیٹرول پمپس نے تیل ذخیرہ کرلیا، عوام کو فراہمی بند کردی گئی۔

شہر میں صبح 9 بجے کے بعد کئی پیٹرول پمپس نے پیٹرول دینا بند کردیا جس کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور دوسرے پیٹرول پمپ تک کئی موٹر سائیکل سواروں کو خاندان سمیت پیدل چلتے دیکھا گیا ۔

متعلقہ اداروں کی اس ظلم پر خاموشی کو عوام نے شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف حکومت ہر 15 روز میں پیٹرول کی قیمتیں بڑھا دیتی ہے تو دوسری طرف جس روز پیٹرول کی رات کو قیمتیں بڑھنا ہوتی ہیں اس دن پہلے سے پیٹرول پمپس سے پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت روک دی جاتی ہے۔

16 فروری سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ اوگرا نے سمری 30 روپے فی لیٹر لیوی پر تیار کی ہے اور پیٹرول 16 روپے فی لیٹر تک مہنگا کرنے کی تجویز دی ہے۔

مزید پڑھیں:پیٹرول کی قیمت میں 16 روپے اضافے کا امکان ، اوگرا نے سمری بھیج دی

اوگرا سمری میں ڈیزل بھی 14 روپے 75 پیسے تک مہنگا کرنے کی تجویز ہے۔ذرائع کے مطابق اس وقت پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 21 روپے 4 پیسے ہے اور ڈیزل پر موجودہ لیوی 22 روپے 11 پیسے فی لیٹر ہے۔

ملک میں پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر کراچی میں بیشتر پیٹرول پمپس پر تیل کا ذخیرہ کرکے فراہمی بند کردی گئی ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Related Posts