ایپکس کمیٹی اجلاس،پاکستانیوں کا خون بہانے والوں کو نشان عبرت بنانے کا فیصلہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ایپکس کمیٹی اجلاس،پاکستانیوں کا خون بہانے والوں کو نشان عبرت بنانے کا فیصلہ
ایپکس کمیٹی اجلاس،پاکستانیوں کا خون بہانے والوں کو نشان عبرت بنانے کا فیصلہ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پشاور، اسلام آباد: ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن اور پاکستانیوں کا خون بہانے والوں کو نشان عبرت بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں افغانستان کے ساتھ دو ٹوک بات کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس دوران سیاسی قیادت نے فورسز کے ساتھ مکمل طور پر کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کے زیرصدارت گورنر ہاؤس پشاور میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ڈی جی آئی ایس آئی، وفاقی وزرا اور وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر شرکاء کو امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیس آپریشن کا بھی فیصلہ ہوا،اجلاس میں سفارتی وفد افغانستان بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا، سفارتی وفد افغان حکومت سے دوٹوک بات کرے گا، افغان حکومت کے سامنے کالعدم تنظیم کی کارروائیوں کے ثبوت رکھے جائیں گے۔

سیاسی قیادت نے فورسز کے ساتھ مکمل طور پر کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا،اجلاس میں موجودہ صورتحال میں ملٹری کورٹس دوبارہ فعال کرنے پر بھی غور کیا گیا، ملٹری کورٹس کے حوالے سے تجویز آل پارٹیز کانفرنس میں رکھی جائے گی۔

ایپکس کمیٹی اجلاس کے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں پشاورپولیس لائنز مسجد میں ہونے والے خود کش حملے اور اس کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں حساس اداروں کے نمائندوں نے سکیورٹی کی مجموعی صورتحال، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں پر بریفنگ دی، انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس معظم جاہ انصاری نے خود کش حملے کی اب تک کی تحقیقات اور ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا، حملہ آور کی آمد کے طریقہ کار اور جس راستے سے وہ آیا، ویڈیوز کے ذریعے اس کی نشان دہی کر لی گئی۔

اجلاس میں پشاور پولیس لائنز کے شہدائکے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی، اجلاس نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ اُن کے پیاروں کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔

اجلاس نے نیکٹا، سی ٹی ڈی اور پولیس کی اپ گریڈیشن کی تجاویز کی اصولی منظوری دی، تربیت، اسلحہ، ٹیکنالوجی اور دیگر ضروری ساز و سامان کی فراہمی کے حوالے سے تجاویز کی منظوری دی، خیبرپختونخوا میں فوری طور پر سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر تعمیر اور جدید فارنزک لیبارٹری قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، خیبرپختونخوا میں اسلام آباد اور لاہور کی طرح سیف سٹی منصوبہ شروع ہوگا۔

پولیس، سی ٹی ڈی کی تربیت، استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا، جدید اور آلات فراہم کئے جائیں گے، اجلاس میں بارڈر مینجمنٹ کنٹرول اور امیگریشن کے نظام کے حوالے سے جائزہ لیا گیا، دہشت گردوں کے خلاف تحقیقات، پراسیکیوشن اور سزا دلانے کے مراحل پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال شجاعت اور بہادری کا مظاہرہ کرنے پر افواج پاکستان، رینجرز، ایف سی، سی ٹی ڈی، پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سلام پیش کیا، جام شہادت نوش کرنے والے افسران اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مزید پڑھیں:وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے امریکی دفترِ خارجہ کے کونسلر ڈیرک شولے کی ملاقات

اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حکومت اور قوم شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہے، معصوم پاکستانیوں پر حملہ کرنے والے ہر صورت سزا پائیں گے،پاکستانیوں کا خون بہانے والے دہشت گردوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔

Related Posts