وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی فری لانسرز نے رواں مالی سال کے دوران اب تک 760 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کیا ہے جبکہ صرف اکتوبر میں فری لانسنگ کے ذریعے 210 ملین ڈالر ملک میں آئے جو گزشتہ شرح کے مقابلے میں 50 فیصد سے زائد اضافہ ہے۔
سیلانی ابن آدم آئی ٹی پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری آئی ٹی شعبے کے لیے سازگار ماحول اور ضروری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق مالی مشکلات اور آئی ایم ایف پروگرام کے باوجود بجٹ میں اس شعبے کو ریلیف دیا گیا ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فری لانسرز کے بینک اکاؤنٹس کھولنے کے لیے اب اسٹیٹ بینک کی پیشگی اجازت درکار نہیں جبکہ بیرون ملک سے فری لانسنگ کی آمدن پاکستان منتقل کرنے میں بھی رکاوٹیں دور کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے فائیو جی اسپیکٹرم کی کامیاب نیلامی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نئی ٹیکنالوجی کو عام کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 60 سے 70 فیصد نوجوان سرمایہ کار ہیں۔ نوجوانوں کو جدید مہارتیں سکھانے کے لیے چینی کمپنیوں کے تعاون سے تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں گے جبکہ علی بابا کے ساتھ بھی شراکت داری پر کام ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو روزگار کے روایتی مواقع کے ساتھ جدید آئی ٹی پارکس اور ڈیجیٹل سہولیات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایک کم عمر فری لانسر کی مثال بھی دی جو گھر بیٹھے ماہانہ 20 ہزار ڈالر کمانے کا دعویٰ کرچکا ہے۔
سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے وزیر خزانہ نے خبردار کیا کہ حالیہ واقعات نے اداروں کے لیے ڈیجیٹل تحفظ کی اہمیت مزید بڑھا دی ہے۔ ان کے مطابق مالیاتی اداروں سے بھی سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر بات چیت کی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








