امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنوبی علاقوں میں 5.0 شدت کے زلزلے نے خوف و ہراس پھیلا دیا جس کے جھٹکے لاس اینجلس سمیت متعدد علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے باعث ایئرپورٹ کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں جبکہ کئی عمارتوں کو معمولی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق ہفتے کے روز آنے والے زلزلے کا مرکز مین ہیٹن بیچ کے قریب تھا جس کے جھٹکوں نے جنوبی کیلیفورنیا کے مختلف علاقوں کو ہلا کر رکھ دیا۔
زلزلے کے بعد متعدد آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے جن کی تعداد دوپہر تک کم از کم 40 تک پہنچ گئی تھی۔ حکام کے مطابق مین ہیٹن بیچ کے علاقے میں بعض گھروں کو معمولی نقصان پہنچا تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔
زلزلے کے جھٹکے لاس اینجلس ایئرپورٹ پر بھی محسوس کیے گئے جہاں بعض کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔ تعطیلات کے باعث ایئرپورٹ پر مسافروں کا رش موجود تھا جس کے نتیجے میں زلزلے کے دوران افراتفری کی صورتحال پیدا ہوگئی۔
کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی زلزلہ پیما تجربہ گاہ نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران مزید آفٹر شاکس آسکتے ہیں۔ اگرچہ زیادہ تر جھٹکوں کی شدت کم رہنے کا امکان ہے تاہم نسبتاً طاقتور زلزلے آنے اور نقصان پہنچنے کے خدشے کو بھی رد نہیں کیا جاسکتا۔
تجربہ گاہ کے مطابق آفٹر شاکس کے پیش نظر شیک الرٹ (ShakeAlert) نظام بھی فعال کیا گیا۔ 4.6 شدت کے ایک آفٹر شاک کے دوران شہریوں کے موبائل فونز پر ہنگامی الرٹس بھی بھیجے گئے۔
حکام نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کرنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امریکی جیولوجیکل سروے کی ویب سائٹ پر موجود ’’Did You Feel It?‘‘ رپورٹ پُر کریں تاکہ زلزلے کے اثرات سے متعلق مزید معلومات جمع کی جاسکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








