بلوچستان میں قیامت خیز واقعہ! دہشتگردوں نے 11 مزدوروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

بلوچستان کے ضلع کوہلو کی تحصیل جندران کے علاقے ہوسڑی میں نامعلوم مسلح افراد نے کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو اغوا کرنے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ واقعے میں اب تک 11 مزدوروں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

مقامی ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق مسلح افراد نے دو پک اپ گاڑیوں کو روک کر 16 مزدوروں کو اغوا کیا اور انہیں قریبی پہاڑی علاقے میں لے گئے جہاں فائرنگ کرکے انہیں نشانہ بنایا گیا تاہم مغویوں کی مجموعی تعداد کی تاحال سرکاری تصدیق نہیں ہوسکی۔

ایس پی کوہلو طیب اقبال نے 11 مزدوروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید معلومات جمع کی جارہی ہیں۔

پولیس، سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش اور دیگر مغویوں سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق مزدور چمالنگ کی کوئلے کی کانوں میں کام کرتے تھے اور چھٹی کے بعد دو پک اپ گاڑیوں میں دکی جارہے تھے کہ راستے میں مسلح افراد نے انہیں روک لیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزدوروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بنانا بدترین سفاکیت ہے اور اس گھناؤنے جرم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

Related Posts