سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے ہفتے کے روز مملکت کی جانب داغے گئے متعدد میزائل حملے ناکام بناتے ہوئے ریاض کی طرف آنے والے کروز میزائل اور جنوبی علاقوں کو نشانہ بنانے والے دیگر حملوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا۔
سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج کے مطابق حوثی باغیوں نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اہم توانائی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
اتحادی افواج نے ہفتے کی شام ایک فوجی کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حوثیوں کی میزائل اور ڈرون سرگرمیوں میں استعمال ہونے والے اہم وسائل کو نشانہ بنایا گیا تاہم کارروائی کے مقام اور اہداف کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب حوثیوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سعودی آرامکو کی جازان ریفائنری اور جنوب مغربی سعودی عرب کے دو بجلی گھروں پر حملے کیے گئے۔ روزانہ 4 لاکھ بیرل تیل صاف کرنے کی صلاحیت رکھنے والی جازان ریفائنری پر جمعرات کو ہونے والے حملے میں نیپال سے تعلق رکھنے والا ایک کارکن جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔ واقعے کے باعث ریفائنری کے بعض آپریشنز بھی عارضی طور پر متاثر ہوئے۔
اتحادی افواج کے مطابق جازان کے ساحلی علاقے الشقیق کی جانب داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل بھی تباہ کردیا گیا جس کا ملبہ گرنے سے کسی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ الشقیق میں پانی صاف کرنے اور بجلی پیدا کرنے کے اہم مراکز قائم ہیں۔
ادھر سعودی حکام نے جازان اور مشرقی صوبے سمیت مختلف علاقوں میں سیکیورٹی الرٹس جاری کیے جبکہ حوثیوں نے مشرقی صوبے میں حویہ گیس پلانٹ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا۔
واضح رہے کہ یمن میں تنازع 2014 میں حوثیوں کے دارالحکومت صنعا پر قبضے کے بعد شروع ہوا تھا۔ 2015 میں سعودی عرب نے یمنی حکومت کی حمایت میں فوجی اتحاد تشکیل دیا جبکہ 2022 کی جنگ بندی کے بعد سرحد پار حملوں میں کمی آئی تھی تاہم رواں سال جولائی میں دوبارہ شروع ہونے والی جھڑپوں نے خطے میں کشیدگی بڑھا دی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








