سندھی قوم پرست جماعت کی ریلی! کراچی والے گھروں سے نکلنے سے پہلے ٹریفک پلان جان لیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

کراچی میں آج سندھی قوم پرست جماعت کی جانب سے نکالی جانے والی ریلی کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کیلئے خصوصی ٹریفک پلان جاری کردیا ہے۔ ریلی کے باعث شہر کے اہم تجارتی اور مصروف علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق سیاسی جماعت کی ریلی مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی فوارہ چوک، عبداللہ ہارون روڈ پر اختتام پذیر ہوگی۔ اس موقع پر پی آئی ڈی سی روڈ سمیت عبداللہ ہارون روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ سکتا ہے۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ ٹریفک جام اور سفری مشکلات سے بچنے کے لیے پہلے سے متبادل راستوں کا انتخاب کریں اور اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے اضافی وقت رکھیں۔

کن راستوں پر ٹریفک کا دباؤ متوقع ہے؟

ٹریفک حکام کے جاری کردہ پلان کے مطابق ایم آر کیانی روڈ سے سفر کرنے والے شہری سرور شہید روڈ، عبداللہ ہارون روڈ اور لکی اسٹار کا راستہ استعمال کرسکتے ہیں۔

ایم اے جناح روڈ سے فوارہ چوک کی جانب آنے والے افراد کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ براہ راست فوارہ چوک جانے کے بجائے متبادل شاہراہوں سے اپنی منزل تک پہنچیں۔

May be an image of map and text

اسی طرح ڈی آئی جی آفس سے صدر، زینب مارکیٹ اور ریگل چوک جانے والے شہریوں کو بھی متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق صدر موبائل مارکیٹ سے کینٹ اسٹیشن جانے والے مسافر بھی متبادل راستوں سے سفر کریں، جبکہ کھجور چوک سے فوارہ چوک کی طرف آنے والی ٹریفک کو بھی ضرورت کے مطابق متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔

شہریوں کے لیے ٹریفک پولیس کی اہم ہدایات

ترجمان ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ریلی کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں اور سڑکوں پر نظم و ضبط برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔

ٹریفک سے متعلق تازہ معلومات، رہنمائی یا کسی بھی قسم کی مدد کے لیے شہری ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کا تعاون ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور ممکنہ سفری مشکلات کم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

Related Posts