حج 2027 کے لیے عازمین حج سے درخواستیں وصول کرنے اور حج اخراجات جمع کرانے کے طریقہ کار کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی اگست 2026 کے تیسرے ہفتے میں شروع کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ عازمین کو حج واجبات جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے جمع کرانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق حج اخراجات کی ادائیگی کے لیے مختلف ڈیجیٹل ذرائع متعارف کرائے گئے ہیں، جن میں ون لنک، پی ایس آئی ڈی، کریڈٹ کارڈ اور آن لائن چالان کے ذریعے رقم جمع کرانے کی سہولت شامل ہے۔
نئے طریقہ کار کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے حج درخواستیں جمع کرانے اور واجبات کی ادائیگی کرسکیں گے۔ بیرون ملک سے درخواستوں اور رقوم کی وصولی کے لیے ایک نجی بینک کے ذریعے انتظام کیا جائے گا۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج اخراجات عازمین سے دو اقساط میں وصول کیے جائیں گے۔ پہلی قسط میں مجموعی رقم کا نصف ادا کرنا ہوگا، جبکہ باقی نصف رقم دوسری قسط میں جمع کرائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اس مرحلے میں صرف وہ عازمین حج درخواستیں اور واجبات جمع کراسکیں گے جو پہلے سے رجسٹرڈ ہوں گے۔ نجی حج اسکیم کے عازمین کو بھی ون لنک، پی ایس آئی ڈی اور کریڈٹ کارڈ کے ذریعے حج اخراجات جمع کرانے کی سہولت حاصل ہوگی۔
حج 2027 کے لیے پاکستان کا مجموعی حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 مقرر کیا گیا ہے۔ اس مجموعی کوٹے میں سے 60 فیصد یعنی ایک لاکھ 7 ہزار 526 نشستیں سرکاری حج اسکیم کے لیے مختص کی گئی ہیں، جبکہ 40 فیصد یعنی 71 ہزار 684 نشستیں نجی حج اسکیم کے لیے مختص ہوں گی۔
وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق ڈیجیٹل نظام کے ذریعے حج واجبات کی ادائیگی کے عمل کو عازمین کے لیے مزید آسان، تیز اور محفوظ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ نئے نظام کے ذریعے ادائیگیوں کے عمل میں شفافیت اور سہولت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
حج 2027 کے خواہش مند افراد کے لیے درخواستوں کے اجرا اور ادائیگی کے حتمی شیڈول سمیت دیگر تفصیلات وزارت مذہبی امور کی جانب سے باضابطہ اعلان کے بعد سامنے آئیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








